نیو یارک (پی این آئی) صدرآزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور بربریت کے خلاف پوری دنیا میں مقیم کشمیری، پاکستانی اور انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے لوگ پانچ فروری کو جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو یہ پیغام دیں کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اُن کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہیں
اورہماری یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے جابرانہ اور غاصبانہ تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا۔ پانچ فروری کو میں خود بھی لندن میں بھارتی سفارتخانے سے برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10ڈاؤننگ اسٹریٹ تک کشمیریوں کے مارچ میں شریک ہوں گا۔ اسی طرح یہاں مقیم کشمیری بھی نیویارک کے ٹائم اسکوائر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی بیرون ملک آباد کشمیر اسی طرح سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیو یارک کے علاقے بروکلین میں کشمیری کمیونٹی کے ایک جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام کی صدارت قاضی مشتاق نے کی جبکہ جلسہ عام سے سابق ممبر کشمیر کونسل سردار سوار خان، سید آفتاب شاہ، پیپلز پارٹی کے چوہدری سرور، مسلم لیگ (ن) کے راجہ تاج، راجہ رزاق، چوہدری راشد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم موڑ پر ہے اورایسے موقع پر آزادکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جو کہ بھارت کے ظلم و جبر کا انتہائی دلیری اور جانفشانی سے مقابلہ کر رہے ہیں ہمیں اُن کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کرنا چاہیے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کی طرف مبذول کرانی چاہیے۔ہم5فروری کو دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ یقین دلا دیں گے کہ ہم اُن کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ ہیں اور بھارت اپنے ظلم وجبر سے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے خون سے سینچ کر تحریک آزادی کو زندہ و تابندہ رکھا ہوا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہماری تحریک آزادی کی یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں