وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وادی نیلم میں تاو بٹ گریس روڈ کی بندش کا سخت نوٹس لے لیا، 72 گھنٹے میں سڑک بحال کرنے کا حکم

مظفرآباد (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وادی نیلم میں تاو بٹ گریس روڈ کی بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو 72 گھنٹے میں سڑک بحال کرنے کا حکم دیدیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو تاوبٹ گریس روڈ تین روز کے اندر بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوے کہا کہ سڑک بند ہونے سے عوام علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لوگوں کی مشکلات کو کم کیا جائے۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے عوام علاقہ نیلم ویلی کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم کی توجہ تاؤ بٹ گریس روڈ کی برفباری کی وجہ سے بند ہونے کے باعث عوام علاقہ کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کروائی تھی۔وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں محکمہ مواصلات اور ایس ڈی ایم اے کی ٹیمیں تاو بٹ سڑک کی بحالی میں مصروف ہیں۔ سیکرٹری مواصلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم سے قبل شاہراہ بحال کر دی جائے گی۔محکمہ کی ٹیمیں مسلسل شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران محکمہ شاہرات،سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ برقیات، محکمہ خوراک اور اضلاع کی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ دور افتادہ علاقوں میں غذائی ضروریات کی اشیاء میں کمی نہیں آنی چاہیے۔عوام الناس کو شدید موسمی صورتحال کے دوران راستوں کے حوالہ سے آپ ڈیٹ رکھا جائے، زیادہ برفباری والے علاقوں میں مزید ٹیمیں مامور کی جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ لینڈ سلائیڈ یا کسی بھی قسم کے حادثے کے نقصان سے بچنے کے لئے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اس حوالہ سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے وزیر اعظم آفس کو آگاہ رکھا جائے۔ نیلم ویلی سمیت تمام رابطہ سڑکیں جلد از جلد بحال کی جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close