اسلام آباد سے مظفر آباد جاتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کی راستے میں رک کر مقامی مسجد میں نماز کی ادائیگی، مقامی افراد نے خوش آمدید کہا

مظفرآباد (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان اسلام آباد سے مظفرآباد جاتے ہو ئے دارالحکومت مظفرآباد سے چند کلومیٹر دور پانچ میل کے مقام پر رکے اور مقامی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جہاں مقامی افراد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو خوش آمدید کہا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے نمازیوں سے خطاب میں درود ابراہیمی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ وہ عمل ہے جس پر اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے افضل ہے۔

بحیثیت مسلمان ہمیں درود ابراہیمی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ تقاریب اور دعاؤں کے اول و آخر میں درود شریف لازمی پڑھا جائے۔مساجد میں خطیب اپنے خطاب میں درودشریف کی اہمیت پر لوگوں کو وعظ ونصیحت کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری حکومت نے سرکاری اداروں اور سرکاری تقاریب میں درودشریف کو لازمی پڑھنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ دنیا کے کچھ ممالک میں اسلامو فوبیا کے افسوسناک واقعات رونما ہوئے ہیں جس کی شدید مزمت کرتا ہوں،ہمارا دین اسلام امن پسند ہے۔ ایسے واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جزبات مجروح ہوتے ہیں۔ امت مسلمہ کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہو گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاستی عوام کو رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی بل کی متفقہ منظوری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتھارٹی کا مقصد سیرتِ طیبہ پر تحقیق کو فروغ دینا، عالمی سطح پر اسلام کے حوالے سے پھیلائے گئے غلط تاثر کا سد باب کرنا، نوجوان نسل کو سیرت طیبہ کی روشنی میں راہنمائی فراہم کرنا اور معاشرتی برائیوں سے محفوط رکھنا ہے. اس کے علاوہ اسلامو فوبیا (Islamophobia) کے حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی فراہم کرنا اور اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھانا اتھارٹی کے مرکزی مقاصد میں شامل ہے.اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے مسجد میں حفظ مکمل کرنے والے ایک بچے کو مبارکباد دی اور اسکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دو لاکھ روپے انعام دیا۔اسی طرح مدرسے کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے 10 لاکھ روپے فنڈز مہیا کرنے کا حکم موقع پر دیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے نماز جمعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام و سلامتی خصوصی دعاکی۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے خطاب سے مسجد میں موجود جید علماء کرام اور نمازی انتہائی متاثر ہوئے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم پاکستان کو بھی دینی و فلاحی کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی عمر دراز فرمائے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے مسجد میں حفظ مکمل کرنے والے ایک بچے کو مبارکباد دی اور اسکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دو لاکھ روپے انعام دیا۔اسی طرح مدرسے کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے 10 لاکھ روپے فنڈز مہیا کرنے کا حکم موقع پر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں