قانون ساز اسمبلی کے اندر کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی رہائش گاہ آمد

اسلام آباد(پی آئی ڈی)آزادکشمیر میں تحریک انصاف متحد و منظم ہے۔قانون ساز اسمبلی کے اندر کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے مل جل کر جدوجہد کر رہے ہیں۔پارلیمانی پارٹی وزیر اعظم کی قیادت میں متحد ہے۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی رہائش گاہ آمد پر اور دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا رہائش گاہ آمد پر سابق وزیراعظم اور اہل خانہ کے دیگر افراد نے پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا گھر آمد پر شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ ہم ایک ہیں اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں متحد و منظم ہو کر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کو بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد اور پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان پارٹی کو مضبوط بنانے سمیت بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے بعد اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے اور عوام کو ریلیف پہنچانے جیسے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ وزیر حکومت سردار فہیم اختر ربانی، سردار احمد صغیر و دیگر موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close