سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر عنصریعقوب کا چارج سنبھالنے کے بعد پی آئی ڈی کمپلیکس کا پہلا دورہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی)سیکرٹری اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر عنصریعقوب کا چارج سنبھالنے کے بعد پی آئی ڈی کمپلیکس کا پہلا دورہ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے سیکرٹری اطلاعات کو نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر ز اطلاعات امجد حسین منہاس اور محمد بشیر مرزا،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران سلیم،ڈپٹی ڈائریکٹررابطہ دفتر تعلقات عامہ راولپنڈی عندلیب ساحر بٹ،ڈپٹی ڈائریکٹر میرپور طارق جمیل درانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پونچھ سعداللہ خان بھٹی،آفیسران نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ اور تمام ضلعی آفیسران اس موقع پر موجودتھے۔

ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے سیکرٹری اطلاعات کو میڈیا پالیسیز، قانون سازی، شعبہ اشتہارات، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا،ڈیجیٹل و سوشل میڈیا،ڈیکلریشن و مانیٹرنگ سیکشنز اور آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے حوالہ سے بریفنگ دی جبکہ آفیسران اطلاعات راجہ محمد سہیل خان، قراۃ العین شبیر، راجہ عبدالباسط اور سردار شمیم انجم نے سیکرٹری اطلاعات کو اپنے اپنے شعبہ جات بارے بریف کیا۔ بریفنگ کے بعد محکمانہ آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب نے کہاکہ جدید میڈیا چینلجز سے نبردآزما ہونے کیلئے آفیسران کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ حکومتی اقدامات کی موثر تشہیر اور عوام الناس کی آگاہی کیلئے محکمہ کو مزید وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان کے احکامات اور ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں جنرنلزم اکیڈمی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔ میڈیا کی ترقی کیلئے بھی وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوئی جس پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور انکی ٹیم کو مبارکبا ددیتا ہوں۔ ترقی کے سفرکومیڈیا کے جدید چیلنجز کے مطابق آگے بڑھائیں گے۔ محکمہ کے جو بھی مسائل ہیں انکو حل کرنے کیلئے حاضر ہوں۔ترقیاتی منصوبوں پر فوکس کرنا ہوگا تاکہ بروقت انکے اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ بطور انتظامی افسر محکمہ اطلاعات کا ہمیشہ بھرپور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی دفاتر کی مکانیت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، محکمہ کے وسائل میں اضافہ میری اولین ترجیح ہوگا تاکہ اس میں جدت لائی جا کر جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاسکے۔ آفیسران کو مزید سہولیات فراہم کریں گے تاکہ انکی کارکردگی میں نکھار آئے اور حکومتی اقدامات کی پبلسٹی مزید بہتر ہو۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہاکہ محکمہ اطلاعات محدود وسائل کے باوجود دن رات حکومتی اقدامات کی تشہیر کیلئے کوشاں ہے۔ محکمہ میں سٹاف کی قلت سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ نے گزشتہ چند سالوں میں بہت تیزرفتاری سے ترقی کی ہے۔ آج سے چند سال قبل محکمہ کی مکانیت اور ٹرانسپورٹ کی کمی بڑا چیلنج تھا جس کو کافی حد تک حل کرلیا گیا ہے تاہم ضلعی دفاتر کی مکانیت اور ٹیکنیکل سٹاف کی عدم دستیابی ابھی بھی بہت بڑ ا چیلنج ہے۔ سٹاف اور وسائل کی کمی کو پورا کیے بغیر جدید میڈیا چیلنجز کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی پبلسٹی کیلئے محکمہ اطلاعات اپنا بھرپور کرداراداکرتا رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close