اسلام آباد(پی آئی ڈی )وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ریاستی عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ صحت کے شعبے کو اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ مظفرآباد میں کارڈیک ہسپتال کو برہان وانی شہید کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس انسٹیٹیوٹ کو خودمختار ادارہ بنایا جائے گا تاکہ ہماری توقعات کے مطابق کارکردگی دکھا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر سردار محمود خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں صحت سے متعلقہ امور خصوصا سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر صحت آزادحکومت ڈاکٹر انصر ابدالی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت کے مطابق تمام ہسپتالوں اور طبی مراکز میں ڈاکٹرز سمیت تمام عملے کی حاضری یقینی بنا رہے ہیں جبکہ ہسپتالوں کی ناقابل استعمال پرانی مشینری کی بجائے نئی مشینری انسٹال کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ہمیں مکمل با اختیار رکھا ہے اور انکا ویژن ہے کہ آزادکشمیر کے لوگوں کو اپنے اضلاع اور شہروں میں ہی صحت کی بہترین سہولت میسر آئے ہم اسی مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر انصر ابدالی نے کہا کہ محکمہ صحت کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے ہمیں وزیراعظم کا مکمل تعاون اور رہنمائی میسر ہے۔ وزیر صحت عامہ نے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان ریاست کے وہ پہلے وزیراعظم ہیں جنکے دور میں کسی بھی ٹھیکہ سے کوئی کک بیک نہیں لیا جاتا، کسی سے کمیشن نہیں وصول کیا جاتا حالیہ ٹینڈرنگز میں تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں نے برملا سکھ کا سانس لیا ہے تاریخ میں پہلی بار عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہورہا ہے۔
آزاد کشمیر حکومت کی مالی مشکلات کو اپنی ذاتی گرہ سے پورا کرنے والے وزیراعظم کو آزاد کشمیر کے عوام کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے اور قائد پاکستان جناب عمران خان کی تائید و حمایت حاصل ہے ، تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اپنے وزیراعظم کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں تا کہ مریضوں اور لواحقین کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ آئندہ چند روز میں مختلف ہسپتالوں کا دورہ کروں گا۔ میری خواہش ہے کہ ریاست کے لوگوں کی توقعات کے مطابق انہیں علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی ممکن ہو،وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ فروری کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں مظفرآباد کے دور دراز علاقوں میں موبائل یونٹس کو فعال کیا جائے گا جہاں لوگوں کو او پی ڈی کی سہولیات میسر ہوں گی محکمہ صحت کو ایمبولینسزکا معیار بہتر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تا کہ مریضوں اور لواحقین کو مشکلات درپیش نہ ہو،انہوں نے کہا کہ ریاست میں فلاح و بہبود کے لیے اوورسیز کشمیری کمیونٹی سے بھی مدد لیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں