استبنول سے مانچسٹر پہنچنے پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ائیرپورٹ پر فقید المثال استقبال

مانچسٹر(پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ترکی کا کامیاب اور تاریخ ساز دورہ مکمل کرنے کے بعد آج جب ترکی کے شہر استنبول سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر پہنچے تو مانچسٹر ائیرپورٹ پہنچنے پر برطانیہ بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں کشمیریوں نے اُن کا شاندار اور فقید المثال استقبال کیا اُن کو پھولوں کے ہار پہنائے، اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ائیرپورٹ پر ہجوم کے جوش و خروش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جس پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو سکیورٹی کے حصار میں ائیرپورٹ سے باہر لایا گیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے استقبال کے لئے آنے والے استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج یہاں ترکی کا دورہ مکمل کر کے برطانیہ آیا ہوں، میں پہلی دفعہ ترکی گیا اور مجھے وہاں مسئلہ کشمیر پر خوب حمایت ملی اور ترک حکومت اور عوام نے دوٹوک الفاظ میں کشمیری عوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح میں اپنے دورہ برطانیہ میں بھی مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھا کر بھارت کو دفاعی پوزیشن پر ڈال دوں گا۔ میں اپنے دورہ برطانیہ کے دوران جہاں عوامی اجتماعات سے خطاب کروں گا وہاں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کر کے انہیں مسئلہ کشمیر اورمقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دوں گا۔ اسی طرح میں بیلجیئم بھی جاؤں گا اور وہاں پر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین میں ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے رکھوں گا اور عالمی برادری سے کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلانے کے لئے اپیل کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close