راولپنڈی(پی آئی ڈی)آزادجموں کشمیر کے سابق صدر ریاست میجر جنرل (ر) سردار انور خان کی نماز جنازہ کے بعد مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی، سابق صدر ریاست کی نماز جنازہ راولپنڈی ریس کورس گراونڈ میں ادا کی گئی۔
حکومت آزادکشمیر کی طرف سے پولیس کے چاک و چوبند دستے نے اور پاک فوج نے بھی گاڈ آف آنر پیش کیا جبکہ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان، قائم مقام صدر آزادکشمیر چوہدری انوار الحق اورچیف جسٹس آزاد جموں وکشمیرجسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سابق صدر آزادکشمیر میجر جنرل (ر) سردار محمد انور خان کی نماز جنازہ اور تدفین کے عمل میں شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مرحوم کی قبر پر پھول چڑھائے اور انکے ایصال ثواب، درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی، وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ میجر جنرل(ر) سردار انور خان ریاست جموں کشمیر کی توانا آواز تھے، عسکری محاذ پر انکی پیشہ ورانہ خدمات بے مثال ہیں جبکہ بطور صدر ریاست انہوں نے ریاستی عوام کی خدمت میں گزارے، سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سردار انور خان نے اپنی شخصیت اور اصولوں اور اپنے عمل سے خود کو قومی سطح کا لیڈر منوایا، مرحوم کی زندگی نئینسل کیلئے قابل تقلید ہے۔
کشمیری قوم انکی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے وزراء، حکومتی عہدیداران، سول و عسکری اعلی حکام نے شرکت کی۔ جنازے میں شرکت کرنے والوں میں ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد ریاض، وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید چغتائی، ترجمان وزیر اعظم توصیف عباسی، سردار احمد صغیر، سردار تنویر سرور، سید زیشان حیدر سمیت پارٹی رہنماوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں