مخصوص نشستوں پر الیکشن، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی درخواست پر انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی

مظفرآباد(آئی اے اعوان) آزادکشمیر کے بلدیاتی اداروں میں خواتین،نوجوانوں اور مزدور کسانوں کیلئے مختص نشستوں پر انتخابات یکم فروری کے بجائے 4 فروری کو ہوں گے۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی درخواست پر انتخابی شیڈول میں ترمیم کردی ۔انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو امیدواروں کی نامزدگی کیلئے23 جنوری تک کی مہلت مل گئی امیدوار کاغذات نامزدگی 23 جنوری تک جمع کرواسکیں ۔

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی درخواست پر بلدیاتی اداروں میں خواتین،نوجوانوں اور مزدور کسانوں کی مختص نشستوں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کردیا ہے۔آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن سے جاری ترمیمی شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کی مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ 4 فروری دن 10 بجے تا سہ پہر02 بجے تک پولنگ ہو گی۔بلدیاتی انتخابات کی مختلف کونسلز میں خواتین، یوتھ اور کسانوں کی سیٹوں کے لیے کاغذات نامزدگی 23 جنوری2023دن 3بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 25 جنوری کوکی جائے گی۔25سے 26جنوری 2023 کو کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف ٹریبونل کے سامنے اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔27اور 28جنوری 2023کو ان اپیلوں پر فیصلے دیئے جائیں گے۔30 جنوری 2023دن 2بجے تک امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزگی واپس لیے جا سکیں گے اور 30 جنوری کو ہی دن 2بجے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر 4 فروری دن 10 بجے تا سہ پہر02 بجے تک پولنگ ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close