آزاد کشمیر کابینہ کا آٹے پر سبسڈی 20 سے بڑھا کر 60 فیصد کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس،آٹا سبسڈی، ورکنگ باونڈری پر مقیم معزوران کی امداد، آزاد جموں و کشمیر الیکشن ترمیمی بل، آزادجموں کشمیر فلڈ پلان ریگو لیشن ایکٹ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم سمیت متعدد ایجنڈا آئٹمز پر بحث کے بعد منظوریاں جاری کی گئی ہیں، تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام کابینہ اراکین نے شرکت کی،

اجلاس میں وزیر اعظم نے عوامی مشکلات کے پیش نظر آٹا بحران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیئے احکامات دیئے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کابینہ اراکین کی مشاورت سے آزادکشمیر کے اندر سستے آٹے کی فراہمی کے لیئے سبسڈی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا،رائج فوڈ پالیسی کے مغائر حکومت وقت پرائیویٹ آٹے کے مقابلے میں سرکاری آٹے پر 60 فیصد سے زائد سبسڈی دے رہی ہے۔رائج فوڈ پالیسی کے مطابق 20 فیصد سبسڈی دی جاتی ہے تاہم حکومت نے بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے زیادہ سے زیادہ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی کی سفارشات بابت مالی امداد بحق معزوران مقیم علاقہ جات ورکنگ باونڈری صوبہ پنجاب کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ایل او سی کی طرز پر آئندہ مہاجرین مقیم ورکنگ باونڈری پنجاب کو بھی بصورت معذروی امداد دی جائے گی، اجلاس میں فوڈ سیکیورٹی کے پیش نظر آزاد کشمیر کی زرعی زمین کے تحفظ، اس کی تبدیلی کی روک تھام اور اس زمین کاغیر زرعی مقاصد کے لیئے استعمال بند کرنے کے لیئے کا بینہ کمیٹی تشکیل دی گئی،

اس کمیٹی کے چیئرمین چوہدری اکبر ابراہیم ہوں گے جبکہ وزیر حکومت عبد الماجد خان، فہیم اختر ربانی،ایس ایم بی آر،سیکرٹری لاء،سیکرٹری زراعت اس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ کیبنٹ میں آزاد جموں و کشمیر سیف سٹیز بورڈ ایکٹ 2022 کی منظوری دی گئی سینئر موسٹ وزیر اس بورڈ کے وائس چیئر مین ہوں گے،اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن ترمیمی بل کی منظوری دی گئی جس کے مندرجات قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی طے کرے گی،کابینہ اجلاس میں چائیلڈ پروٹکشن ایکٹ کے ڈرافٹ کے لیئے کمیٹی قائم کی گئی جس کے سربراہ معاون خصوصی اطلاعات چوہدری رفیق نیئر ہوں گے جبکہ چوہدری اکبر ابراہیم، سیکرٹری قانون،سیکرٹری اطلاعات اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر بحثیت ممبران ڈرافٹ کو حتمی شکل دیں گے۔کابینہ اجلاس میں آزادجموں کشمیر فلڈ پلان ریگولیشن ایکٹ 2022 کی منظوری بھی دے دی گئی،اس ایکٹ کے تحت دریاوں کے کناروں پر سیلابی صورت حال کے کنٹرول،بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد سمیت انسانی جانوں کے تحفظ کے لیئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام کی مشکلات کے پیش نظر آٹے پر ریکارڈ سبسڈی دی جا چکی ہے،یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا،حکومت شہریوں کو سستی روٹی کے معاملے پر کوئی دقیقہ فراگزاشت نہیں کرے گی،سخت دباو کے باوجود لوگوں کو ان کی دہلیز پر آٹا فراہم کیا جائے گا۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سبسڈی فراہم کرنے کا مقصد کم آمدنی والے لوگوں کو ریلیف دینا ہے لہذا مالی طور پر مستحکم لوگوں کو چاہیے کہ وہ پسے ہوئے طبقات تک یہ ریلیف پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close