مظفر آباد، محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی صدر آزاد کشمیر کو بریفنگ، معیار تعلیم کے فروغ کے لیے ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا، صدر کی یقین دہانی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر کی جانب سے ایوان صدر مظفرآباد میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بریفنگ میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی، سیکرٹری رزاق ندیم، سپیشل سیکرٹری قاضی عنایت، ناظم اعلیٰ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (مردانہ) سید طالب حسین شاہ، ناظم اعلیٰ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (زنانہ) تسلیم گل، پراجیکٹ ڈائریکٹر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بریفنگ میں محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر کے اغراض و مقاصد، انفرا سٹرکچر، جاری پراجیکٹس و درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے ہر سطح پر تعاون کریں گے اور اس سلسلہ میں حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھے گی۔ تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات اور عمارات کی تعمیر، شیلٹر کے بغیر تعلیمی اداروں کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کے نارمل بجٹ میں انتظامی اخراجات میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ اسی طرح اساتذہ کی تربیت کا بھی انتظام کیا جائے تاکہ ان کے استدادکار بڑھ سکے اور معیار تعلیم میں اضافے کا باعث ہو۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے پراجیکٹ آؤٹ آف سکول چلڈرن کو تیز کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ اس سلسلے میں کوششیں تیز کی جائیں تاکہ جو بچے وسائل کی کمی کے باعث سکولوں میں نہیں آ سکتے وہ بھی تعلیم حاصل کر سکیں۔ اس حوالے سے جہاں بھی رکاوٹیں حائل ہیں ان کو دور کرنے کے لیے جہاں میری ضرورت ہے میں بھی اس سلسلے میں آپ لوگوں کی مدد کروں گا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معیار تعلیم کے فروغ کے لیے ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا تاکہ طلبا و طالبات کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ہر طرح کی سہولیات میسر آ سکیں۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close