مظفر آباد(پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہندو راشٹرا بنانا چاہتا ہے، بھارت کے 5اگست2019کے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں سفاکی سے کشمیریوں کی نسلی تطہیر سمیت ایسے جرائم کر رہی ہے جو انسانیت کے خلاف ہیں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں
لیکن بھارت کے اس بربریت اور ظلم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے خواب کو کبھی پورا نہیں ہونے دیا جائے گا کیونکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول اور شمع آزادی کو فروزاں رکھنے کے لئے خون کے آخری قطرے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی اس جدوجہد میں ہم اُن کے ساتھ ہیں اور اُن کی اس جدوجہد کے حق میں اور بھارت کے ظلم و بربریت کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر اُن کی آواز کو پہنچاتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام حریت رہنماء محمد فاروق رحمانی کی نئی تصنیف”کشمیر کے خونچکاں ماہ و سال“ کی رونمائی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان، کنونیئر کل جماعتی حریت کانفرنس محمود ساغر، سینیٹر مشاہد حسین سید،، عبد الرشید ترابی، سابق وزیر فرزانہ یعقوب،ارشاد محمود، مجیب قاضی، الطاف حسین وانی، شیخ متین اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرکتا ب کے مصنف محمد فاروق رحمانی نے مہمانوں کی آمد اور تقاریر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کا موقف برحق ہے اور ہندوتوا سراسر باطل ہے اور کشمیریوں کے موقف میں طاقت پیدا کرنے اور اقوام متحدہ کو متحرک کرنے کے لئے پاکستان کا کردار فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حریت رہنماء محمد فاروق رحمانی کی کتاب کی اشاعت کو بروقت، اہم اور چشم کشا قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا قانونی اور سیاسی فرض ہے کہ وہ اپنی متفقہ قراردادوں کی روشنی میں اپنے روڈ میپ کو نافذ کر کے مقبوضہ خطے میں ہندوستان کے سیٹلر کولونیل (Settler Colonial Laws)قوانین کو منسوخ کرائے اور حق خودارادیت کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کا حل نکالے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کو بین الاقوامی فورمز سے خبردار کیا جائے کے مقبوضہ خطے میں 2019کے بعد سے ہندوستان کے تمام اقدامات جنوبی ایشیاء میں اربوں عوام کے لئے خطرات اور عدم استحکام کا باعث بن چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں