اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ انسانوں کے حق خوردارادیت کا معاملہ ہے ۔ برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔کشمیریوں کاقصور صرف اتنا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمان ہیں ۔
سات دھائیاں گزرنے کے باوجود تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیو ں نہیں ہورہا؟کشمیری کو بنیادی انسانی حقوق میسر نہیں ۔ انٹرنیشنل ہیومین رائٹس ایکٹوسٹ یا غیر جانبدار کمیشن آزادکشمیر کا دورہ کرے اور مقبوضہ کشمیر میں بھی جاکر حالات کا جائزہ لے اور ریسرچ لے کر وہاں پر کشمیریوں پر کس طرح مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بھارت کے ناپاک عزائم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے بھارت پر سفارتی دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دے۔ مسئلہ کشمیر پر اوورسیز کمیونٹی کا کردار اہم ہے جنہوں نے دنیا بھر میں بھارتی مظالم کو بےنقاب کیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے ممبرز، برطانوی و یورپی ممبران پارلیمنٹ ،انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان، خبیب فاونڈیشن کے عہدیداران سمیت سماجی شخصیات کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ممبران برطانوی ہاوس آف لارڈ ز لارڈ قربان حسین، لارڈ واجد خان ، برطانیہ کے شیڈو منسٹر عمران حسین ، ڈپٹی لارڈ میئر آف مانچسٹر یاسمین ڈار، ایگزیکٹو چیئرمین ری جنریشن اینڈ انوائرمنٹ کمیٹی کامران حسین ، سیکرٹری جنرل پاکستان پریس کلب یو کے ارشد رچیال ، چیئرمین جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ راجہ نجابت حسین ، چیئرمین سلیک ایشین ماجد نذیر، صدر خبیب فاونڈیشن امان ماجد ، نائب صدر خبیب فاونڈیشن حماس ماجد ، چیئر آف پاکستان آرگنائزیشن ورکر ایجوکیشن اینڈ رائٹس امریکہ طاہرہ محمود، چیئرمین سگنیچر لیمو نیویارک امریکہ نواب الدین ، سید علی کامران ، یوکے بیسڈ بزنس مینز شکور احمد، نقاش مشتاق دیوان ، آسٹریا سے محفوظ اللہ ، ساجد خان ، شرافت اللہ ، چیئرمین اووسیز گلوبل فاونڈیشن ظہیر احمد مہر، چیئرمین خبیب فاونڈیشن ندیم احمد خان ، ڈائریکٹر جنرل خبیب فاونڈیشن بریگیڈیئر ریٹائرڈ افتخار علی خان ، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ،چیئرمین عدالت نیوز آزادکشمیر شیرباز منیر چوہدری ، زاہد فاروق ملک ، حمزہ عمران ، عزیر عابد ، گلفشاں صبا احمد ، رضوان عباسی ، راشد یعقوب ، شوکت محمود اور ہارون مظہر شامل تھے ۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے خبیب فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ حبیب فاؤنڈیشن کی مستحق اور سپیشل پرسنز کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں۔
دین اسلام ہمیں انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ ہندوستا ن کے بدترین جبر و استبداد کے سامنے مقبوضہ کشمیر کے عوام ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا نعرے بلند کر کے اپنے جذبوں کا اظہار کرتے ہیں ۔کشمیریوں کو ریفرمڈم کا حق کیوں نہیں دیا جارہا ہے ۔ ہندوستان کا بدترین جبر کشمیریوں کو نہ دبا سکا ہے اور نہ دبا سکے گا۔بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہا ہے تاکہ وہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر سکے ۔ اقوام متحدہ ، انٹرنیشنل کمیونٹی اور عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ برطانیہ کی سوسائٹی باشعور اور مہذب ہے، اووسیز کمیونٹی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق کیلئے آواز بلند کی ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ برطانیہ اور دیگر مہذب دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں خو انکا حق دلوانے کیلئے آگے آئیں اور خطے کے سب سے بڑ ے مسئلہ کو حل کروانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں