مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیری نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، لارڈ قربان حسین اور ایم پی عمران حسین سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں اور اُنہوں نے ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے لہذاانٹرنیشنل کمیونٹی کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔

پاک بھارت دونوں تیسری دنیا کی ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دے۔ برطانوی پارلیمنٹ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اس سلسلے میں کشمیری نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ اہم رول ادا کر سکتے ہیں لہذا آپ لوگ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیری نژاد برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین اور برطانوی ممبرپارلیمنٹ عمران حسین سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر کشمیری نژاد برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین اور برطانوی ممبرپارلیمنٹ عمران حسین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ کے دورے اور اس موقع پربرطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کی بھی دعوت دی جو صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد برطانیہ کا دورہ کریں اور برطانوی پارلیمنٹ کومسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی اصل اور تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں آباد کشمیری تارکین وطن بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیریوں کا مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اُجاگر کرنے میں اہم کردار ہے اور میں اس امر کی امید رکھتا ہوں کہ آپ لوگ برطانوی ہاؤس آف لارڈز اور پارلیمنٹ میں کشمیریوں کا مقدمہ موثر اور بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔ میں بھی جلد برطانیہ کا دورہ کر کے ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی آواز انٹرنیشنل کمیونٹی تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں