مظفر آباد،پاکستان میں کسی بھی طرح کے الیکشن ہوئے ، تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی ، اسی خوف سے پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس

مظفرآباد (پی ٹی آئی) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے بھاری مینڈیٹ سے خائف ہو کر پی ڈی ایم کی حکومت اسلام آباد کے الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔پاکستان میں کسی بھی طرح کے الیکشن ہوئے تو تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی اسی خوف سے پی ڈی ایم ہر الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں آزادکشمیرکے باشعور شہریوں نے پُرامن بلدیاتی انتخابات کی کامیابی یقینی بنا کر مثال قائم کی ہے۔

پی ٹی آئی کی تاریخ ساز کامیابی سے ثابت ہوا کہ آزادکشمیر کی ہر وارڈ کی سطح پر عمران خان، پی ٹی آئی اور سردار تنویر الیاس خان کا ویژن موجود ہے۔ عام آدمی کو امور حکومت میں حصہ دلوانا ان کا حق ہے۔ مخالف پارٹیوں پاکستان پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن،جموں کشمیر پیپلزپارٹی،جماعت اسلامی سمیت سب کا احترام کرتے ہیں۔ منتخب لوکل باڈی ممبران باوسائل اور با اختیار ہوں گے۔ ان کی ڈویژن وائز ٹریننگ بھی کروائی جائے گی۔ آزادممبران اسمبلی اور اتحادیوں کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے حکومتی امور کی مزید تشکیل میں معاونت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں ضلع مظفرآباد کے نو منتخب ممبران ضلع کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد، وزراء حکومت دیوان علی خان چغتائی، چوہدری محمد رشید، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی راجہ منصور علی خان، سابق امیدوار اسمبلی حاجی سردار گل خنداں، میر عتیق الرحمن، چوہدری شہزاد محمود، سید زیشان حیدر، وائس چیئرمین لوکل گورنمنٹ سردار افتخار رشید چغتائی و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم نے ہر طرح کے دباو کے باوجود آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کر کے اقتدار نچلی سطح تک منتقل کر دیا ہے۔ منتخب لوگ اپنے علاقہ کے بااختیار عوامی نمائندے ہوں گے۔

کوئی ممبر ضلع کونسل اور یو سی ممبر ایس ایچ او کے پا س نہیں جائے گابلکہ ایس ایچ او منتخب چیئرمین یو سی، ضلع کونسل کے پاس خود آئے گا۔ نشستوں پر ویمن، یوتھ اور کسان کونسلرز کے حوالہ سے مشاورت کر کے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ منتخب بلدیاتی نمائندہ وزیراعظم کا نمائندہ ہو گا جس سے عام لوگوں کو سہارا ملے گا۔ فوڈ اتھارٹی، گرین اینڈ کلین کشمیر، سیفٹی کمیشن کے لیے ڈویژن کی سطح پر ایک انچارج لگایا جائے گا جبکہ ضلع، تحصیل، یونین کونسل کی سطح پر بھی ان شعبہ جات کے لیے ممبران تعینات کیے جائیں گے۔ا نہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں نمبرداری نظام کی بحالی کو با ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ عام لوگوں کا معار زندگی بلند کرنے کے لیے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ مقامی سطح پر زراعت، لائیو سٹاک اور خورد و نوش کے ذرائع پیدا کرنے کے لیے آئندہ دنوں میں عملاًپیش رفت کی جائے گی۔ مضر صحت اشیاء پر پابندی لگائی جائے گی۔ ملاوٹ، جعلی حکمت، وال چاکنگ اور ماحولیاتی آلودگی پر اثر انداز ہونے والے عوامل کا مکمل سد باب کرنے کے لیے ہر یونین کونسل میں رضا کار ممبر بنائے جائیں گے جنہیں حکومت معقول وظیفہ دے گی۔ اس موقع پر ضلع مظفرآباد کے نو منتخب ممبران ضلع کونسل نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close