مظفر آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بغیر پروٹوکول کے مظفرآباد شہر کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے بینک روڈ پر واقع کارڈیک ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور دو ماہ قبل محکمہ صحت کو دل کا یہ ہسپتال مکمل کرنے کیلئے دیئے گئے اہداف کو مکمل نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 31 مارچ تک ہر صورت ہسپتال کا کام مکمل کرتے ہوئے فنگشنل کرکے ہارٹ سرجری اور کارڈیک لیول کی او پی ڈی ہر حال میں شروع کرنے کی ہدایات کر دی۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل سردار آفتاب کو طلب کیااور معاون خصوصی صحت سردار محمود کی موجودگی میں اہداف مکمل کرنے کی سختی سے ہدایات کی۔دو ماہ قبل اپنے پہلے دورہ کارڈیک ہسپتال کے دوران وزیراعظم نے کارڈیک سینٹر میں لگائی گئی کیتھ لیب جس کی مشینری کی مالیت 15کروڑ روپے تھی کی کوالٹی کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کرتے کیا تھا جن کو اب تک دور نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم نے محکمہ صحت کے حکام کے سامنے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کیتھ لیب کا جو آرڈر ہوا تھا اسکی ایل سی کیوں نہیں کھلی؟ اسکی پری شپمنٹ انسپکشن کیوں نہیں ہوئی؟ اور کیتھ لیب اتنا پہلے پیل آف کیوں کر دی گئی؟ فرنیچر سمیت دیگر ایکوپمنٹ جو خریدا گیا اور اسکے علاوہ جو ڈرٹی لینن کا باہر جانا اور کلین ہو کے آنا،ایکوپمنٹ سٹیریلائزنگ،کارڈیک مریضوں کیلئے سیڑھی کا معقول نظام نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کارڈیک ہسپتال کو آپریشنل کرنے کے بعد اسے Autonomous body کا درجہ دیا جائے گا اور ملک کے کسی بڑے مایہ ناز ہارٹ سرجن کو اسکا ہیڈ بنایا جائے گا،
تا کہ آزاد کشمیر کے عوام ایک اعلی معیار کے ہسپتال کی سہو لیات سے مستفید ہو ں اور ان کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے ملازمین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کو آپریشن کے لیے ایک بیک اپ مشین کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی سپورٹ اور تعاون موجود ہونے کے باوجود محکمہ صحت دی گئی ٹائم لائن کے اندر اہداف مکمل کرنے میں ناکام رہا،جو محکمانہ لا پرواہی کا مظہر ہے۔محکمانہ غفلت کے باوجود وزیر اعظم نے مریضوں کے مسائل اور دشواریوں کے پیش نظر کارڈیک سینٹر اور محکمہ صحت کی غفلت سے صرف نظر کرتے ہوئے محکمہ صحت کو معیار کو بہتر کرتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کیں۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکرچوہدری ریاض احمد،وزیر ایس ڈی ایم اے محمد اکبر ابراہیم، معاون خصوصی راجہ سبیل ریاض، کمشنر مظفر آباد ڈویژن مسعود الرحمن، سٹاف آفیسر صدام نسیم اور دیگر بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں