امریکہ کی آل نیبرز انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے وفد کی صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات

مظفرآباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام رواداری اور وضعداری سکھاتا ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ اپنے اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔آل نیبرز انٹرنیشنل آرگنائزیشن امریکہ کے وفد کے آزادکشمیر کے دورے سے یہاں کی اصل صورتحال سمجھنے کا موقع ملے گا اور آپ کو اندازہ ہو گا کہ یہاں پر اقلیتوں کو بھی برابر حقوق حاصل ہیں۔ جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ فوج کے ذریعے مسلمانوں کی زندگی اجیرن کیے ہوئے ہے اور وہاں پر بڑے پیمانے پر ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے۔

آپ لوگوں کے آزادکشمیر کے دورے سے آپ کو یہاں کے اصل حالات کا اندازہ ہوا ہو گا لہذا میں آپ لوگوں سے کہوں گا کہ آپ واپس امریکہ جا کر یہاں کی اصل صورتحال کے بارے میں وہاں کے لوگوں کو بتا سکتے ہیں کہ یہاں پر کس طرح سے اقلیتوں کو تمام حقوق مساوی طور پر میسر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں امریکہ کی آل نیبرز انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے ایک وفد سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر آل نیبرز انٹرنیشنل آرگنائزیشن امریکہ کے وفد میں مائیکل شاہنون کرو(Michael Shannon Crowe)، جان ڈیوڈ نوزم(John David Nuzum)، ٹیلر ڈینیل ایش(Tyler Daniel Esh)، سارہ نیکول ایش(Sarah Nicole Esh)، جیسیکا جائے ملر(Jessica Joy Miller، کیٹلین ماری ایش(Kaitlyn Marie Esh)، جیس وارن بیلر(Jesse Warren Beiler)، ایلی لی سٹولٹزفس(Eli Lee Stoltzfus)، ڈاریلے مائیکل ایش(Darelle Michael Esh)، جوشوا تھامس ریگن(Joshua Thomas Regan)، فیتھ اولیویا گرنات(Faith Olivia Garnaat)، الیاس مسیح(Ilyas Masih)، انور کمال قاسمی(Anwar Kamal Qasmi)، برونربیلتھس ہیزر نیوٹن(Bruener Bellthshazzer Newton)،فلیمن گہل(Phillemon Gill)، مینا یونس(Meena Younas)، روما سلیم(Roma Saleem) اور دیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آپ لوگوں کی خطے میں قیام امن کے لئے کوششیں قابل ستائش ہیں اور آپ کے دورے سے جہاں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا وہاں پر معاشروں میں امن کی فضا بھی تقویت پائے گی۔ میں خود بھی حال ہی میں امریکہ کے دورے سے واپس آیا ہوں میں نے وہاں پر نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں جبکہ میں واشنگٹن میں بھی امریکی نائب وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کر کے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی سے آگاہ کیااور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف اُن کے سامنے رکھتے ہوئے اُن سے مطالبہ کیاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کا وعدہ پورا کرے۔

میرے اس دورے سے مسئلہ کشمیر کو خاصی تقویت ملی اور عالمی برادری اب مسئلہ کشمیر کو سمجھنا شروع ہو گئی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہو۔ لہذا میں چاہتا ہوں انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور آپ لوگ بھی جب واپس امریکہ جائیں تو اپنے عوام اور حکومت کو یہاں کی اصل صورتحال سے آگاہی دیں تاکہ انہیں اصل صورتحال کا اندازہ ہو سکے۔ آل نیبرز انٹرنیشنل آرگنائزیشن امریکہ کے وفد کے دورے سے خطے میں جہاں مذہبی ہم آہنگی فروغ پائے گی اُسی طرح امن اور بھائی چارے کی فضا بھی ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close