محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد کشمیر اپنے جاری ترقیاتی پراجیکٹس کی رفتار کو تیز کرے ، صدر آزاد کشمیر کی محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی جانب سے بریفنگ میں ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزادکشمیر اپنے جاری ترقیاتی پراجیکٹس کی رفتار کو تیز کرے اور اسی طرح شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کریں اب جبکہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ پایا تکمیل کو پہنچ چکا ہے لہذا محکمہ لوکل گورنمنٹ اور دیگرمتعلقہ ادارے بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے کے لئے اور فوری طور پر اختیارات منتقل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اسی طرح محکمہ لوکل گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کے ذریعے ٹیکس کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ ان اداروں کو چلانے کے لئے ایک معقول آمدنی ان کے اپنے ذرائع سے ٹیکس کے ذریعے حاصل ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزادکشمیر کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید شاہد محی الدین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی جانب سے آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات،محکمہ کو درپیش مشکلات اور اُن کے حل کے لئے تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بریفنگ میں سینئر موسٹ وزیر/ وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر سید آصف حسین، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سید شاہد محی الدین،ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ محمد شبیر عباسی، سینئر ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالستار خان، چیف پلاننگ لوکل گورنمنٹ محمد مسعود، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سردار عقیل محمود اور دیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سینئر موسٹ وزیر /وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے جاری منصوبہ جات، بلدیاتی انتخابات کے بعد کی صورتحال اور محکمے کو درپیش فنڈز کی کمی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب جبکہ بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے تو انہیں فعال بنانے کے لئے تیزی سے کام کیا جائے تاکہ اختیارات کی منتقلی نچلی سطح تک ممکن ہو سکے اور عوام کو ان بلدیاتی اداروں کے ثمرات حاصل ہو سکیں اور آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو۔ ہم ہر طرح سے کوشش کر رہے ہیں کہ آزادکشمیر کو ایک ماڈل سٹیٹ بنایا جائے۔ ۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close