وزیراعظم کشمیر سردار تنویر الیاس کی ڈی ایس پی چوہدری آفتاب احمد کی ریٹائرمنٹ کی تقریب میں شرکت

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اپنی سرکاری سیکورٹی میں تعینات ڈی ایس پی چوہدری آفتاب احمد کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے شعبہ پولیس میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر چوہدری آفتاب احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی طرف سے 10 لاکھ روپے بطور انعام دیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ڈی ایس پی ریٹائرڈ چوہدری آفتاب احمد کو کہا کہ چوہدری آفتاب 31 دسمبر کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کرنا چاہیں تو سرکار اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کی آفر موجود ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد، وزیر حکومت علی شان سونی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ سرکاری ملازم کے لئے اعزاز سے کم نہیں ہوتا اور مدت ملازمت کے اختتام پر خراج تحسین پیش کرنا خدمات کا اعتراف ہوتا ہے۔ ڈی ایس پی چوہدری آفتاب احمد کی پولیس میں خدمات گراں قدر ہیں،انہوں نے اپنی زندگی محکمانہ قوائد کی پابندی اور لوگوں کی خدمت میں وقف کی۔ میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چوہدری آفتاب احمد ایک نفیس اور اچھے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین پولیس آفیسر ہیں۔ پولیس ملازمین اور افسران ایمانداری اور محنت سے اپنی خدمات کو انجام دیں تاکہ محکمہ اور عوام میں آپکی عزت افزائی ہو اور آپ جب اس محکمہ سے رخصت ہوں تو اس کے بعد بھی آپ کو لوگ اچھے الفاظ میں یاد رکھیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close