مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اطلاعات،ماحولیات وسمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنماء تھے۔23مارچ 1940کو قرار داد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف 7سال کی قلیل مدت میں اس وقت کی سب سے بڑی اسلامی مملکت کا قیام عمل میں لایا بلا شبہ یہ ایک عظیم الشان کامیابی تھی اور اس کا تمام تر سہرہ بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی و لولہ انگیزقیادت ہی کو جاتا ہے۔ آج کے دن ہم ان کی عظیم جد و جہد کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہاکہ آج کشمیری قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں تحریک آزادی کشمیر اور دفاع پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں، حضرت قائداعظم کے یوم پیدائش کے دن ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی جان، مال، عزت آبرو پاکستان کے دفاع اور کشمیر کی آزادی کیلئے قربان کرنے سے ہرگز دریغ نہ کریں گے۔ہم اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہم مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کروا کر پاکستان کا حصہ نہ بنالیں اور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ جمہوریت پر مکمل یقین رکھتے تھے۔ وہ پاکستان کو ایک ایسا ملک دیکھنا چاہتے تھے جہاں تمام شہریوں کو برابر حقوق ملیں،مساوات،میرٹ اور قانون کی بالادستی ہو۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں