اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ماحولیاتی آلودگی کے عفریت سے جان چھڑانے کیلئے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے آزادکشمیر میں الیکٹرک گاڑیاں چلانے کا پروگرام بنا لیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں ماحول دوست گاڑیوں کیلئے پالیسی کا اعلان کر دیا ہے،
وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر میں الیکٹرک گاڑیوں پر حکومت کی طرف سے اگلے چھ ماہ کیلئے ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی کم کرتے ہوئے صرف 12 فیصد کر دی گئی ہے۔الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں پانچ سال تک آزادکشمیر کی حدود میں ہی چلائی جا سکیں گی تاہم مسافر گاڑیاں روٹ پرمٹ لیکر پاکستان میں بھی چلائی جا سکیں گی۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ ریاست بھر میں سرکاری ، پرائیویٹ اور تمام مسافر اور مالبردار گاڑیوں کی ہر سال انسپیکشن کرانا لازمی ہو گی جبکہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے تمام گاڑیوں کی انشورنس کرانا بھی اب ضروری ہوگا۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے آزادکشمیر میں دہائیوں پرانی گاڑیوں کی جگہ نئی ماحول دوست گاڑیوں کی آمد کا راستہ کھلے گا۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد خودکفالت اور کلین ایند گرین کشمیر کے ویثرن کے تحت کئی اہم اقدامات کیے ہیں، آلودگی کے خاتمے کیلئے متبادل ذرائع توانائی کے حصول پر خاص توجہ دی جا رہی ہے جبکہ شہروں کی سیوریج کیلئے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اب تینوں ڈویثرنز میں عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دی جا چکی ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں