آزاد کشمیر، مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات، ناخواندہ امیدوار الیکشن میں حصہ لینے کے اہل قرار دے دیئے گئے

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں خواتین، نوجوانوں اور مزدور کسانوں کیلئے مختص نشستوں پر الیکشن میں حصہ لینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کردیا گیا۔ ناخواندہ امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لینے کے اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ

آزادجموں وکشمیر کے فیصلہ کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات 2022کے تسلسل میں خواتین، نوجوانوں اور کسان /مزدوروں کے لیے مختص نشستوں کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کی اہلیت کے حوالہ سے شرائط کا تعین کر دیا۔جس کے مطابق مخصوص نشستوں میں حصہ لینے والے امیدواران کی عمر یکم جنوری 2022کو اس کی عمر 25سال سے کم نہ ہو۔ لوکل کونسل جہاں سے وہ انتخابات میں حصہ لینے کا /کی خواہشمند ہے اس کونسل کی کسی بھی وارڈ کی انتخابی فہرست میں اس کا نام بطور ووٹر درج ہو اورآزادجموں کشمیر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990کے سیکنڈ شیڈول کی دفعہ 4کے تحت نااہلی کے زمرہ میں نہ آتا ہو۔ معزز عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیر کی جانب سے مقدمہ عنوانی محمد عارف مغل ولد سیف اللہ مغل ساکن میر کلاں تحصیل و ضلع مظفرآباد وغیرہ بنام قانون سازا سمبلی آزادجموں وکشمیر وغیرہ میں صادر فیصلہ محررہ 14دسمبر2022کے نتیجہ میں آزادجموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات 2022میں حصہ لینے والے امیدواران کے لیے اہلیت کا معیار آزادجموں وکشمیر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990کے سیکنڈ شیڈول کی دفعہ 3کے تحت میٹرک یا اس کے مساوی تعلیم مقرر تھی جسے معزز عدالت العالیہ نے تعلیمی قابلیت کی حد تک کالعدم /منسوخ کرتے ہوئے آئندہ کے لیے تعلیم کی شرط ختم کر دی ہے۔ یہ بات ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں