لاہور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان اور ان کی کابینہ کے اعزاز میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے ظہرانہ دیا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کابینہ اراکین کے ہمراہ جب ظہرانے میں پہنچے تو ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے ان کو گلدستہ پیش کیا اور ان کا والہانہ استقبال کیا۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور پارلیمانی پارٹی کو آزاد کشمیر میں 32 سال بعد بلدیاتی الیکشن منعقد کروانے اور تحریک انصاف کی لینڈ سلائڈ وکٹری پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں وزراء حکومت آزاد کشمیر، ممبران اسمبلی سمیت معاونین خصوصی نے بھی شرکت کی اس موقع پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ریاست کی تعمیر وترقی کے لئے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف پہلے نمبر پر ہے یہ عمران خان کی قیادت پر کشمیری عوام کا اظہار اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عمران خان کا خطاب مسلم امہ کے لیڈر کے طور پر تھا،انہوں نے پاکستان میں عوام کی فلاح وبہبود کیلیے ٹھوس اقدامات کئے احساس پروگرام اسکی واضح مثال تھی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب،خیبر پختونخواہ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومتیں اپنے اپنے عوام کی خدمت دل و جان سے کر رہی ہیں۔انہوں نے عزت افزائی پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں