آزاد کشمیر ، پی ٹی آئی حکومت، پارلیمانی پارٹی کو سردار تنویر الیاس کی قیادت میں متحد رہنے کی ہدایت

لاہور (پی آئی ڈی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے آزادجموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں متحد رہنے کی ہدایت،پی ڈی ایم کا بھر پور مقابلہ کیا جائے اور تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر سینئر وائس چیئر مین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت موجودتھی۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کی تمام پارلیمانی پارٹی وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں گئی تھی جن میں سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی، سپیکر چوہدری انوارالحق، خواجہ فاروق احمد،چوہدری رشید، دیوان چغتائی،سردار میر اکبر،فہیم ربانی، سردار محمد حسین،چوہدری محمد اخلاق،چوہدری رفیق نیئر، چوہدری ارشد، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری اظہر صادق، علی شان سونی،چوہدری مقبول، حافظ حامد رضا،محمد حسین سرگالہ،جاوید بٹ،تقدیس گیلانی، صبیحہ صدیق،بیگم امتیازنسیم،ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر،ماجد خان،اکبر ابراہیم،دیوان محی الدین،عاصم شریف بٹ ویگر موجود تھے۔ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں اجلاس ہوا۔ عمران خان نے تمام پارلیمانی پارٹی کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی قیادت میں متحد رہیں اور آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کا بھر پور مقابلہ کیا جائے،

پارٹی کا پیغام گھر گھر پنچایا جائے آپس میں اتحاد واتفاق رکھا جائے۔عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو کہا کہ آپ لوگ سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں متحد رہیں اور آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے کچھ وقت تک مشکلات ضرور ہیں جلد سرخرو ہوں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے پوری پارلیمانی کی جانب سے چیئر مین کاشکریہ ادا کیا اور ان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر اپنے چیئر مین کی ہر آواز پر لبیک کہے گی اور پارٹی پالیسی پر کاربند رہے گی قبل ازیں عمران خان نے وزیراعظم آ زاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو ارکان اسمبلی کے گلے شکوے دور کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سب ملکر جدوجہد کریں۔عمران خان نے تنویر الیاس کو بلدیاتی الیکشن کی کامیابی پر بھی مبارکباد دی۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کشمیر کے عوام عمران خان کے نظرئیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں قانون کی حاکمیت اور مظبوط معیشت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد آپ پاکستان کے واحد ایسے لیڈر ہیں جن کے پوسٹر مقبوضہ کشمیر میں چسپاں کئے گئے کشمیری عوام آپ سے بے حد محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آپ کے ویژن کے عین مطابق کشمیری عوام کی فلاح وبہبود کیلیے سرگرم عمل ہے انشائاللہ ہم طرز حکومت کو بدل کر رکھیں گے پاکستان میں بھی آپ نے عوام کو ریلیف دیا اور ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنایا ہم آپ کے ماڈل کو ہی آزادجموں و کشمیر میں آگے بڑھا رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے عمران خان کو حکومت کے فلاحی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جنہیں عمران خان نے بے حد سراہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close