محکمہ فوڈ کے مرحوم ملازم کے خاندان کو ایک سال تک پنشن کی عدم ادائیگی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے لئیق ایوب مرحوم فوڈ انسپکٹر محکمہ خوراک سدھنوتی کی فیملی کو ایک سال گزر جانے کے باوجود بھی پنشن کی ادائیگی نہ کیے جانے پر محکمہ خوراک کے متعلقہ آفیسران اور اہلکاران کو نوکریوں سے فوری معطل کرنے کے احکامات صادر کر دیئے۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے محکمہ خوراک کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر لئیق ایوب مرحوم کی فیملی کو پنشن کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائے جائے جبکہ ایک سال سے اس فیملی کو پنشن کی ادائیگی میں لاپرواہی اور غفلت برتنے والے محکمہ خوراک کے افسران اور اہلکاران کو فوری معطل کیا جائے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ممبر قانون ساز اسمبلی نبیلہ ایوب کے چھوٹے بھائی لئیق ایوب مرحوم کی فیملی کو اگر ایک سال سے پنشن کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکی تو پھر کیا توقع کی جائے کہ محکمہ جات میں عام لوگوں کو با آسانی انصاف مل رہا ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے تمام محکمہ جات کے انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اور دوران سروس فوت ہونے والے ملازمین کو فوری طور پر پنشن کی واگزاری یقینی بنائی جائے اور انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اس وقت پنشن کے جتنے بھی کیس باقی ہیں ان کو فوری نپٹایا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں