نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، خواجہ فاروق احمد

مظفرآباد(پی آئی ڈی) سینئر وزیر ووزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔شہر کے اندر کھیل کے میدانوں کی تعمیر واپ گریڈیشن اور پارکس کی تعمیر وبحالی کے کام جاری ہیں جبکہ خطیر مالیت سے پترینڈ ہائیڈرو پاور کمپنی کے تعاون سے چھتر کے مقام پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا اور چھتر تھوری پارک کے ہمراہ واکنگ ٹریک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پارک کی اپ گریڈیشن اور تزین وآرائش کی جائے گی۔اس سلسلہ میں کورین کمپنی کےساتھ معاہدہ طے پاگیاہے۔

باضابطہ معاہدے پر چیئرمین پترینڈ ہائیڈرو پاور اواینڈ ایم جنگ وون اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔معاہدے پر ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ڈائریکٹر جمیل مغل اور پترینڈ ایم اینڈ او لمیٹیڈ کے سی ای او نے دستخط کیے۔اس موقع پر چیف انجینئر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اسلم اعوان،ڈپٹی ڈائریکٹر مظہرگیلانی،خواجہ جنید پنڈٹ،ڈپٹی ڈائریکٹر بابر منہاس،پراجیکٹ منیجر فواد اسلم خان اوردیگر بھی موجود تھے۔ا س موقع پر سینئر وزیرووزیر بلدیات نے کہا کہ کورین کمپنی کی طرف سے چھتر تھوری کے مقام پر سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور چھتر پارک کی اپ گریڈیشن وتزین وآرائش کے منصوبوں کاخیر مقدم کرتے ہیں۔کورین کمپنی چھتر کے مقام پر سپورٹس کمپلیکس میں والی بال گراؤنڈ اور بیڈ منٹن پارک تعمیر کرے گی جو جدید طرز کے ہوں گے اور عالمی معیار کے مطابق ہوں گے۔چھتر پارک کے ہمراہ شہریوں اورسیاحوں کے لیے خوبصورت واکنگ ٹریک بھی تعمیر کیا جائے گا اور پارک کی تزین وآرائش کے ساتھ ساتھ شجر کاری بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کورین کمپنی کی طرف سے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے نہ صرف چھتر بلکہ پورے شہر اور مضافات کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جدید سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔حکومتی بجٹ سے دارالحکومت کے اندر کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں کی تعمیرواپ گریڈیشن کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل سےنوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی معیاری سہولیات دستیاب ہوں گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close