مظفرآباد (پی آئی ڈی) مرکزی تنظیم غیر جریدہ کی محکمہ اطلاعات کے ملازمین کے خلاف بوگس ایف آئی آر کی شدید مذمت ، جائنٹ سپریم کونسل جو کہ ملازمین کی 22 تنظیموں کا اتحاد ہے نے محکمہ اطلاعات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر تے ہوئے حکومت آزادکشمیر سے فی الفور معاملے کو یکسو کر کے حل کرنے کا مطالبہ ، آزادکشمیر بھر کے ملازمین میں محکمہ اطلاعات کے ملازمین کے خلاف بوگس اور جعلی ایف آئی آر بارے شدید تشویش پائی جاتی ہے ،
آزادکشمیر کے تقریبا ایک لاکھ ملازمین محکمہ اطلاعات کے متاثرہ ملازمین کی پشت پر ہیں ۔مرکزی صدر تنظیم غیر جریدہ سالک رشید عباسی ، سیکرٹری جنرل عبدالوحید، ضلع مظفرآباد راجہ اویس ناصر، ضلعی صدر نیلم خواجہ عارف مصطفائی اور مرکزی مشیر سعید مغل کی پریس کانفرنس۔ مرکزی تنظیم غیر جریدہ کے صدر سالک رشید عباسی اور سیکرٹری جنرل عبدالوحید ودیگر عہدیداران کے ہمراہ پی آئی ڈی میڈیا ہال میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نعیم چغتائی اور اس کے ساتھ کچھ شرپسند عناصر محکمہ اطلاعات کےملازمین پر حملہ آور ہوئے اور وہاں پر کھلی بدمعاشی کرتے ہوئے جونیئر سٹاف کوتشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس پر پریشر ڈال کر محکمہ اطلاعات کے ملازمین کے خلاف بوگس اور جعلی ایف آئی آر درج کروا دی جس کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمہ اطلاعا ت کے ملازمین کو انصاف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پوری تنظیم غیر جریدہ اور آزادکشمیر کے تقریبا 1 لاکھ ملازمین محکمہ اطلاعات کے ملازمین کی پشت پر ہیں کسی بھی صورت ان کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا اور صحافیوں کا احترام کرتے ہیں لیکن صحافت کی آڑ میں نعیم چغتائی اور اس کے ساتھ غنڈہ گرد عناصر کے مذموم عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ آزادکشمیر کے پروفیشنل صحافیوں نے ہمیشہ تنظیم غیر جریدہ اور سرکاری ملازمین کے ساتھ اچھا برتاو کیا ہے جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ محکمہ اطلاعات کے ملازمین جب بھی ہمیں کال دیں گے بھمبر سے تاو بٹ تک تمام دفاتر کی تالہ بندی کر کے ملازمین سڑکوں پر ہوں گے اور انصاف کی فراہمی تک پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی ادارہ پر غنڈہ گردی اور کار سرکار میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر فی الفور محکمہ اطلاعات کے متاثرہ ملازمین کو انصاف فراہم کرے بصورت دیگر تالہ بند ہڑتال پر مجبور ہوں گے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں