آزاد کشمیر، بلدیاتی الیکشن کا کامیاب انعقاد پوری ریاست کی فتح ہے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی کشمیری قوم کو مبارکباد

اسلام آباد ( پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کا کامیاب انعقاد صرف میری نہیں بلکہ پوری ریاست کی فتح ہے، بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں میر پور ڈویژن کے عوام نے ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرخرو کر دیا۔

پی ٹی آئی کے تمام جیتنے والے نومنتخب کونسلروں کو مبارکباد ، تحریک انصاف ریاست کی سب سے بڑی مقبول سیاسی جماعت بن چکی ہے، ہم نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے آزادکشمیر میں 32 سال بعد بلدیاتی انتخابات منعقد کرا دیئے اور آج میں عوام کے سامنے سرخرو ہو گیا ہوں، ضلع کوٹلی ، میر پور ، بھمبر میں پی ٹی آئی کی تاریخی کامیابی نے ثابت کردیاکہ عوام تبدیلی چاہتے تھے ،عوام نے جس محبت کا اظہار کیا ان کو سلام پیش کرتا ہوں ،بین الاقوامی برادری کو اس طرف توجہ دینی چاہیے کہ بھارت نے سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حقوق طاقت کے زور پر سلب کر رکھے ہیں جبکہ آزادکشمیر میں عوام کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مظفرآباد اور پونچھ کے بعد گزشتہ روز میرپور ڈویثرن کی عوام اور سیاسی قیادت نے پر امن انتخابات یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن اور سول انتظامیہ و پولیس کی معاونت کی جس پر ہم سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں،بلدیاتی الیکشن کا منعقد ہونا صرف میری نہیں بلکہ پوری ریاست کی فتح ہے،وعدوں کی پاسداری پر میری زبان کٹ تو سکتی ہے مگر جھک نہیں سکتی، تمام بلدیاتی امیدواروں کو نہ صرف بھرپور فنڈز دیں گے بلکہ مکمل اختیارات بھی دیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قوم کو ریلیف دینا شروع کیا تو ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، ہم ان کے مشن کو آزادکشمیر میں لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ چیئرمین عمران خان کے ویثرن کے مطابق عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے انہیں ان کا حق دیا ہے، اقتدار ہی نچلی سطح پر منتقل نہیں کر رہے بلکہ اختیار بھی نچلی سطح پر منتقل کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیشن، تمام وزرا، قومی و ریاستی میڈیا ، بیوروکریسی ،پولیس اور تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نے میرا بھرپور ساتھ دیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پنجاب ، خیبرپختونخواہ اور مرکز سے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں سیکیورٹی فورسز کا ملنا خوش آئیند ہے جس پر ہم ان حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ریاست بھر میں کارکردگی کی بنیاد پر تحریک انصاف فتح سے ہمکنار ہوئی ہے جبکہ ہم عدلیہ بالخصوص سپریم کورٹ کو بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں معاونت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر کی فاسٹ ٹریک بنیادوں پر ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی حکومت کا مشن ہے جس کیلئے ہم بلدیاتی امیدواروں کو ساتھ لیکر چلیں گے، بلدیاتی نمائندے خواہ کسی بھی سیاسی جماعت سے ہوں یا آزاد حیثیت میں کام کریں، ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں ، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہم انہیں سرکاری مشینری کے طور پر کام کرنے کا بھرپور موقع دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close