میرپور (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ۔سینئر رکن آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز کا میرپور میں مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ۔ انہوں نے ایم ڈی اے آفس، کوٹلی روڈ،کلیال،سیکٹر ایف ون، نیو سٹی سمیت مختلف علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل کا معائنہ اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، کمشنر میرپور شوکت علی، ڈی آئی جی پولیس خالد محمود چوہان ، ڈی آئی جی پولیس راجہ شہریار سکندر، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود بھی انکے ہمراہ تھے۔
سینئر رکن الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر موجود پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز سے بھی ملے اور ان سے انتظامات بارے دریافت کیا۔شہریوں کی جانب سے پولنگ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔مختلف پولنگ اسٹیشنز پرموجود پولنگ ایجنٹوں نے بھی پولنگ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہا کہ آج تاریخی موقع ہے کہ 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے جارہا ہے ،آزادکشمیر کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ باشعور اور ذمہ دار ہیں۔بھمبر اور کوٹلی میں بھی پرامن طریقے سے پولنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کی طرح میرپور ڈویژن میں بھی تیسرا مرحلہ بھی پرامن انداز میں مکمل ہوگا۔مظفرآباد ڈویژن میں پاکستان کے معروضی حالات کی وجہ سے سیکورٹی فورسز نہیں مل سکیں تھیں۔ میرپور ڈویژن میں ٹرن آوٹ بہت اچھا رہنے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن جماعتیں بنیادوں پر ہورہے ہیں، تاہم سرکاری وسائل کے کسی صورت استعمال کی اجازت نہیں۔ازاں بعد آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے سینئر رکن راجہ محمد فاروق نیاز نے میرپور شہر کا دورہ بھی کیا اورامن و امان کی صورتحال و پولنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں