آزاد کشمیر، بزرگ پنشنرز کو پنشن ان کے گھر ملے گی، سگریٹ پر 200 فیصد ٹیکس لگا رہے ہیں، وزیر اعظم تنویر الیاس کا اعلان

راولاکوٹ (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہے۔ بہت جلد بزرگ پنشنرزکو پنشن ان کے گھر ملے گی۔ سگریٹ پر 200فیصد ٹیکس لگا رہے ہیں۔ پبلک مقامات پر سیگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی جارہی ہیجس کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔ مدرسوں اور تعلیمی اداروں میں تشدد پر مکمل پابندی ہے۔

تمام تعلیمی ادارں میں چھ ماہ میں سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال کیے جارہے ہیں۔ ریاست کا کام مستحق افراد کو ریلیف دینا ہے۔ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو امپورٹ کروانے پر پہلے چھ ماہ میں کوئی ٹیکس/ ڈیوٹی نہیں لگے گی۔ آزادکشمیر میں بجلی سے چلنے والے پہلے 1 ہزار موٹر بائیکس لینے والوں کو خصوصی سبسڈی دیں گے۔ کشمیر سلگتی چنگاری ہے،اگر مسئلہ کشمیرکو حل نہ کیا گیا تو یہ چنگاری پوری دنیا کو اپنی آگ کی لپیٹ میں لے لے گی۔پاکستان اللہ کی طرف سے عنائت ہے، پاکستان سے لڑنا کسی کے بس کی بات نہیں،پاکستان کے جوبیس کروڑ عوام مجاہد ہیں۔مودی نہیں ‘موذی’ ہے جس کے ہاتھوں پر گجرات کے معصوم لوگوں کا خون ہے۔ہندوستان نے کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تودنیا میں اس کا نام و نشان نہیں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزراء کرام چوہدری محمد اکبر ابراہیم اور صاحبزادہ حافظ حامد رضا بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے اور نچلے طبقے کو ریلیف دینے کے لیے حکومت آزادکشمیر نے واضح روڈ میپ دے دیاہے جس پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ میری حکومت کی چھ ماہ کی کارکردگی کا گزشتہ حکومتوں سے تقابلی جائزہ کیا جاسکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ہماری حکومت نے جو کام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی اس کے اسلام آباد اور مظفرآبادمیں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں جس میں تمام سیاسی قیادت شریک تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ صدر ریاست نے بیرون ممالک میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی انسان ہیں جانور نہیں،مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو دنیا تک اسکے اثرات جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی طرف سے عنایت ہے۔

پانچ فروری کو جب 24کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے حق میں نکلتے ہیں تو دنیا دیکھتی ہے۔امریکی سفیر کے آزادکشمیر کے دورہ پر بھارت کو بہت تکلیف ہوئی۔ اگلے چند ہفتوں میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا دورہ بھی متوقع ہے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اقوام عالم کے ضمیروں کوجھنجوڑنا ہے اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروانی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیر کے تمام رشتے پاکستان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں صرف پانچ ہزار ٹیکس فائلر رجسٹرڈ ہوئے جب کے اس وقت آزادکشمیر میں 36ہزار سے زیادہ ٹیکس فائلر بنے۔ ہم نے سینٹرل بورڈ آف ریونیو کو کہا ہے کہ ریاست کے رہنے والوں کو عزت دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر پالیسی بنا رہی ہے کہ خواتین کے تعلیمی اداروں میں صرف خواتین ہی پڑھائیں گی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ روحانی معالجین کے حوالہ سے خصوصی پلان بنا رہے ہیں کہ کیا خواتین ہر روحانی معالجین کے پاس جاسکتی ہیں کہ نہیں، لیکن جو خانقاہیں یا بزرگان دین کے آستانے ہیں ان کا اپنا مقام ہے ان کی عزت و تکریم ہم سب کے لیے لازم ہے لیکن جو اسطرح کے جعلی معالجین ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائیگا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close