آزادکشمیر، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز بھی دینگے اور با اختیار بھی بنائیں گے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی میڈیا سے گفتگو

راولاکوٹ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل وکرم سے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کے قریب ہے، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز بھی دینگے اور با اختیار بھی بنائیں گے۔ ماضی کی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے حوالے صرف اعلانات کرتی رہیں لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے عمران خان کے ویژن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو عملی جامہ پہنایا۔ پی ٹی آئی کا یہ عمل دوسری جماعتوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔کشمیر پاکستان کی بنیادی اینٹ ہے۔

ہمارا ویژن ریاست کو توانا کرنا اور تعمیر و ترقی کی طرف لیکر جانا ہے۔سیاسی جماعتیں جمہوریت کا حسن ہیں۔کبھی بھی اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کا نہیں سوچا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بنگوئیں راولاکوٹ میں اپنی رہائش گاہ سردار پیلس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر شہری دفاع و ایس ڈی ایم اے چوہدری محمد اکبر ابراہیم اور مشیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ حافظ حامد رضا بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کے بعد اہلیان پونچھ نے بھی ذمہ داری کا ثبوت دیا اور پرامن انداز میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔بلدیاتی انتخابات میں عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے،

عوام کے جذبے سے لگ رہا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کیلئے کس قدر ترسے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی پی ن لیگ اور ایم سی شاید کسی مجبوری کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہ کروا سکیں ہونگی۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے انتخابی منشورمیں وعدہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح تک منتقل کرینگے۔ عوام سے کیا گیاہر وعدہ پورا کریں گے۔ پی ٹی نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے انکی ستائش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب گلی محلوں اور وارڈز کے فیصلے مقامی لوگ کریں گے تو تعمیر و ترقی کا عمل تیز ہو گا اور لوگوں کے مسائل بھی مقامی سطح پر حل ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اس موقع پر گزشتہ روز الیکشن ڈیوٹی کے دوران وفات پا جانے والے دو افراد اور وادی نیلم میں پولنگ والے دن جیب حادثہ میں شہید ہونے والے 6 افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close