اسلام آباد (پی این آئی) صدرریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ناروے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ناروے کا انسانی حقوق پر بہترین ٹریک ریکارڈ ہے اور ناروے نے دنیا میں مختلف جگہوں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے پر آواز بھی اُٹھائی ہے اور اپنا مثبت رول بھی ادا کیا ہے۔
لہذا ناروے مسئلہ کشمیر پر ایک بہتر ثالث ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ناروے کے انڈیا اور پاکستان سے یکساں اور بہترین دوستانہ تعلقات ہیں چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کوتیسری دنیا کی دو جوہری طاقتوں کو اُن کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ دینا چاہیے چونکہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے اور پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے لہذا ناروے دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا موثر اور اہم رول ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیرپر البرٹ الساس(Per Albert Ilsaas) سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیرپر البرٹ الساس(Per Albert Ilsaas) کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں پر ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 75سال سے اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں اور اُن کی آزادی کی جدوجہد اب تک جاری وساری ہے لہذا ناروے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں