آئی جی آزاد کشمیر پولیس امیر احمد شیخ کی صدر آزاد کشمیر کو بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی کی حوالے سے بریفنگ

مظفر آباد(پی آئی ڈی )صدرریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے انسپکٹر جنرل آزادجموں وکشمیر پولیس امیر احمد شیخ کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں انسپکٹر جنرل آزادجموں وکشمیر پولیس امیر احمد شیخ نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے صاف اور شفاف انعقاد کے لئے سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر امیر احمد شیخ نے یقین دلایا کہ آزادکشمیر پولیس بلدیاتی انتخابات کے موقع پر آزادکشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو بہر صورت یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج 31 سال بعد آزادکشمیر میں پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں جس کا پہلا مرحلہ بہتر انداز میں مکمل ہو رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ دوسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن اور تیسرے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں بھی بلدیاتی انتخابات بااحسن خوبی پایا تکمیل تک پہنچیں گے اس سلسلے میں مظفرآباد ڈویژن کی طرح سکیورٹی فورسز پونچھ اور میرپور ڈویژن میں بھی تعاون کریں گی پولیس نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن پر رہ کر اپنا کام بااحسن خوبی سرانجام دیا ہے اور میں لوگوں سے بھی توقع کروں گا کہ وہ ووٹ کی خاطر کوئی بھی ایسی بات نہیں کریں گے جو قوم کے مزاج کے خلاف ہو۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور انسپکٹرجنرل آزادجموں وکشمیر پولیس امیر احمد شیخ کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close