بلدیاتی اداروں کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی پریس کانفرنس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آج کا دن ریاست کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، آزادکشمیر میں 1991سے 31 سال بعدبلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہونے جا رہا ہے جس کا کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان و نمائندگان بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ہم نے کبھی پارلیمانی زبان کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور نہ کبھی کسی کی دل آزاری کی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن اور مشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کروا رہے ہیں۔ ووٹ قومی امانت ہے، عوام الناس بھرپور جوش و خروش اور آزادی سے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔قوم کے بہتراور روشن مستقبل اور جمہوری عمل کی بقا اور اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔ا لیکشن کمیشن اور لاء انفورسمنٹ کے عملے کا کردار اب تک مثالی رہا ہے اور آئندہ بھی مثبت کردار ادا کریں گے۔ہر محب وطن شہری کا اولین فرض ہے کہ وہ قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ جمہوری عمل پروان چڑھے۔قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنائیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت مظفرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن اور مشن کے مطابق آزادکشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کا سہرا تحریک انصاف آزادکشمیرکے سرجاتا ہے جس کی میں تمام ممبران اسمبلی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔کشمیریوں کی تہذیب و ثقافت 5 ہزار سال پرانی ہے،یہاں کے لوگ باشعور، رواداری اور بھائی چارے کے قائل ہیں۔ہماری پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ان کی بلدیاتی انتخابات میں آمد کی وجہ سے انتخابات پر امن طریقے سے منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے اورہم سب پاکستانی ہیں، پاکستانیت ہمارے خون میں رچی بسی ہے۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے جمہوری عمل کے تسلسل میں بہتری آئے گی اور اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو گا۔ جنرل الیکشن میں عوام سے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آزادکشمیر کے بجٹ میں کٹوتی کی وجہ سے تعمیر و ترقی کے عمل میں رکاوٹ آئی ہے۔ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا گیا۔ آزادکشمیر کے لوگ غیور اور بہادر ہیں۔ ہم اپنی عزت نفس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات سے جہاں اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہوگا وہاں نوجوان قیادت بھی سامنے آئے گی جس کا مستقبل میں ریاست اور عوام کو فائدہ ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں