آزاد کشمیر، 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات، پہلے مرحلہ، تین اضلاع میں پولنگ آج ہو گی

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد پانچویں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل ،پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع نیلم ،جہلم ویلی اور مظفرآباد میں پولنگ آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔ 6لاکھ 95 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز 509 کونسلرز کا انتخاب کریں گے 257 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 418 حساس قرار۔پاکستان تحریک انصاف کا بلا،پیپلزپارٹی کا تیر اور مسلم لیگ ن کا شیر آپس میں ٹکرائیں گے ۔

مسلم کانفرنس کا گھوڑا،آزاد جموں تحریک لبیک پاکستان کی کرین ووٹ کھینچنے اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا ترازو بھی ووٹ تولنے کیلئے انتخابی میدان میں موجود ہے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 7تحصیلوں 3 ضلع کونسل 1 میونسپل کارپوریشن ،3 میونسپل کمیٹیوں 4 ٹاون کمیٹیوں اور 74 یونین کونسلوں کی 509 وارڈز سے کونسلرز کا انتخاب آج ہوگا مظفرآباد ڈویژن میں سیاسی جماعتوں کے 1 ہزار 825 نامزد امیدواروں ،31 خواتین اور 900 آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 2ہزار 725 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 19 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کونسلر منتخب ہوچکے ہیں آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کیلئے 1 ہزار 314 پولنگ اسٹیشن اور 1884پولنگ بوتھ قائم کیئے گئے ہیں جن میں 397 مردانہ،387 زنانہ اور 530 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں ۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر 1314پریذائیڈنگ افسر 1884پولنگ افسراور 3768 پولنگ اسسٹنٹ سمیت 6 ہزار 966 پولنگ عملہ تعینات کیاگیاہے۔مظفرآباد ڈویژن میں 257 پولنگ اسٹیشن کوانتہائی حساس،418 پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر 4 حساس پر 3 اور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 2 سیکورٹی اہلکاروں تعینات کیے گئے ہیں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمبٹنے کیلئے ریپٹ رسپانس فورس اور بیک اپ کیلئے پاک فوج کے مسلح دستے تیاررہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close