ضروری سکیورٹی کے بغیر بلدیاتی انتخاب کا غیر جانبدار اور شفاف منعقد ہونا ناممکن نظر آتا ،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان

مظفرآباد(آئی اے اعوان )سابق وزیراعظم مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر راجہ فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ضروری سکیورٹی کے بغیر بلدیاتی انتخاب کا غیر جانبدار اور شفاف منعقد ہونا ناممکن نظر آتا ہے۔پہلے دن سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک ہی دن بلدیاتی انتخاب کا انعقاد عمل میں لایاجائے اور معقول سکیورٹی کا اہتمام ہونا چاہیے۔ایک پولنگ اسٹیشن پر تین یا چار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ناکافی ہے،31سال بعد بلدیاتی انتخاب ہونے کی وجہ سے عوام کے اندر جوش جذبے میں شدت ہے۔بلدیاتی انتخاب چونکہ انتہائی نچلی سطح پر ہوتے ہیں اس لیے امن وامان متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اگر کوئی انسانی جان ضائع ہوئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے وزیراعظم مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلانات کرتے جارہے ہیں،بحیثیت وزیراعظم ان کے کسی علاقے پر جانے پر اعتراض نہیں لیکن وہ جس طرح کے اعلانات کررہے ہیں انتخابی عمل پر اثر اندز ہونے کی ناکام کوشش ہے۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ایک لاکھ کے قریب سرکاری ملازمین کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا دھاندلی ہے،حکومت کو یقین ہوچکا ہے کہ الیکشن ہار رہے ہیں۔اس لیے ہر طرح کی دھونس دھاندلی استعمال کی جارہے،وہ منصوبے جو مکمل ہوچکے ہیں وہاں بھی دوبارہ کارپٹنگ کے اعلانات کیے جارہے ہیں۔اصول ہے کہ جب الیکشن شیڈول جاری ہوجائے تو تبادلہ جات الیکشن کمیشن کی اجازت اور معقول جوازیت کے تحت ہوں مگر یہاں صورتحال مختلف ہے۔ایس ایس پی مظفرآباد کو محض اس لیے عہدے سے ہٹایا گیاہے کہ انہوں نے شراب لانے والے ملزمان کو چھوڑنے سے انکار کیا۔اس طرح کا کمزور ترین الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا،مظفرآباد ڈویژن میں موجود حالات سے عیاں ہے کہ پونچھ اور میرپور میں زیادہ مشکلات ہوں گی۔تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر میں عمران خان کا کلچر نافذ کرنا چاہتی ہے اور دھونس دھاندلی برپا کر کے ماحول کشیدہ کی اجارہاہے ۔

عجلت میں کیے جانے والے فیصلے نقصان دہ ہوتے ہیں،فری اور فیئر الیکشن الیکشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے آج بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ موثر اقدامات کرلیے جائیں کہیں ایسا نہ ہو کہ وقت نکل جائے میرے پاس کمشنر اور ڈی آئی آئے انہوں نے انتظامات سے آگاہ کیا میری نظر میں یہ ناکافی انتظامات ہیں جن پر عدم اعتماد کرچکے ہیں۔متحدہ اپوزیشن سمیت الیکشن میں حصہ لینے والے تمام جماعتیں صاف اور شفاف الیکشن چاہتی ہیں اور یہ شفافیت صرف سکیورٹی فورسز کی تیعناتی کے ذریعے ممکن ہے موجودہ حکومت نے اس سلسلہ میں غیر ذمہ داری اور عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ہر شخص کا جمہوری حق ہے اور ووٹ ڈالنے کے لیے آزادنہ ماحول کی فراہمی بھی ضروری ہے الیکشن کمیشن اس طرح کا ماحول فراہم کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلدیاتی انتخاب میں پرامن رہ کر بھرپور حصہ لیں اور مسلم لیگ ن کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں۔مسلم لیگ ن ریاستی عوام کے حقوق کی محافظ جماعت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close