حکومت آزاد کشمیر کا سرمایہ کاروں کیلئے بڑا پیکج شروع کرنےکا فیصلہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیور آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرعبدالماجد خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر سرمایہ کاروں کیلئے بڑا پیکج شروع کرنے جارہی ہے۔ آزادکشمیر میں سپیشل پیکج برائے کاٹیج انڈسٹری کے تحت سرمایہ کاروں کو مفت زمین جبکہ نئے سرمایہ کاروں کیلئے سیلز ٹیکس میں خصوصی نرمی دی جائیگی۔ سرمایہ کاروں کیلئے پانچ سال تک انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس پر مکمل چھوٹ ہوگی، 6 سے 10 سالہ سرمایہ کار ی پر 25 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا،

11 سے 15 سالہ پر 50 فیصد، 16 سے 20 سالہ سرمایہ کاری پر 75 فیصد جبکہ 21 سال سے زیادہ عرصہ کیلئے سوفیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔مظفرآباد اور میرپور میں فسیلیٹیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے جس کے تحت ون ونڈ و آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو این او سی دیا جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر تسلسل کے ساتھ ریاست میں صنعتی ترقی کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر کریش سکیم شروع کرنے جارہی ہے جس کے تحت ایسے پلاٹس/جگہیں جو صنعتی مقصد کیلئے لیے گئے اور ان کو کسی اور مقصد کیلئے استعمال میں لایا گیا ان کے حوالہ سے قانون و ضابطہ کے تحت لائحہ عمل بنایا جائے گا۔صنعت کے فروغ کا بنیادی مقصد بیروزگاری کا خاتمہ اور ریاست کی خوشحالی ہے۔ وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان کی خصوصی کاوشوں سے پاکستان کے تیسرے بڑے چیمبر آف کامرس کے آزادکشمیر کا دورہ کیااور حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں ایم او یو سائن ہوئے۔مستقبل میں میرپور اور بھمبر بڑے تجارتی مراکز بنیں گے۔ میرپور ڈرائی پورٹ کی فعالی اولین ترجیح ہے۔ ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہتے جو ریاست پاکستان کے مفاد کے خلاف ہو۔کشمیر کے لوگوں نے پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعتہ المبارک کے روز پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد میں چیئرمین سینٹرل بورڈ آف ریونیوآزادکشمیر راجہ امجد پرویز علی خان، سیکرٹری صں نعت و تجارت وجاہت رشید بیگ اور کمشنر انکم ٹیکس ظفر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو عبدالماجد خان نے کہاکہ وزیراعظم کی کاوشوں سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے وفد نے آزادکشمیر کاد ورہ کیا۔ ماضی میں ایجوکیشن سیس کی وجہ سے یہاں سے انڈسٹری بھاگ گئی۔ اب حکومت انڈسٹری کو واپس لانا چاہتی ہے جس کیلئے ماحول کو سازگار بنایا جارہا ہے۔ آزادکشمیر انوسٹمنٹ کے حوالہ سے ماحول کو مزید آسان اور سازگار بنانے کے لیے کراچی، لاہور، پشاور، سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس کے دور ے کریں گے اور ان سے تجاویز لیں گے۔ ایسی چیزیں لائیں گے جو سب کیلئے قابل قبول ہوں۔سرمایہ کاروں کیلئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کو مستثنیٰ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ سے تجارتی روبط بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مظفرآباد میں ہونے والی انوسٹمنٹ کانفرنس میں فیصل آبا د چیمبر آف کامرس کے وفد نے آزادکشمیر کے پوٹینشل پر دلچسپی کا اظہا ر کیا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اور ٹیوٹا آزادکشمیر کے مابین سیلف ایمپلائمنٹ، محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس کیساتھ کیمیکل اور ائیر لائن، سیاحت اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالہ سے محکمہ لوکل گورنمنٹ ویہی ترقی، سیاحت کے فروغ کے حوالہ سے تین ایم او یوز، جامعہ کشمیر کے پروفیشنل ڈویلپمنٹ، لائیو سٹاک کیساتھ پولٹری اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی بورڈ کے ساتھ کمیونیکیشن اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے ایم او یوز کیے گئے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹرل بورڈ آف ریونیور راجہ امجد پرویز علی خان نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کی خصوصی ہدایت آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی پیکج دیا جارہا ہے تاکہ سیاحوں کیلئے پرکشش ماحول بنے، ہماری کوشش ہے کہ فاٹا سے زیادہ آسان پیکج دیا جائے۔ سرمایہ کار پورے سارے آزادکشمیر کو سپیشل اکنامک زون سمجھیں۔ یہ پیکج آزادکشمیر میں ہر جگہ لاگو ہوں گے۔ آزادکشمیر آنے والے سرمایہ کاروں کو ویلکم کریں گے۔ سپیشل پیکج میں آئی ٹی پارکس، ڈیری و پولٹری، سیاحت اور کاٹیج انڈسٹری شامل ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز وجاہت رشید بیگ نے کہاکہ آزادکشمیر میں اسوقت سات انڈسٹریل اسٹیٹیس ہیں۔سک یونٹس کے حوالہ سے خصوصی پلان بنارہے ہیں۔ مظفرآباد اور میرپور میں فسیلیٹیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے جس کے تحت ون ونڈ و آپریشن کے ذریعے این او سی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میرپور ڈرائی پور ٹ کو فعال کیا جارہا ہے، میرپور ڈرائی پورٹ کے رقبے میں اضافہ کررہے ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں انوسٹرز کو دس سال تک ٹیکس کی چھوٹ دی جارہی ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ 16 ایم او یوز ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close