وزیراعظم آزاد کشمیر کی پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور نوتعینات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد

اسلام آباد (آئی اے اعوان)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیراور نوتعینات چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد دی ہے ۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے جس کی پروفیشنل صلاحیتوں پر قوم کو ناز ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی بہادر فوج کی کمان کرنا جنرل عاصم منیر کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں جن کی سربراہی میں پاک فوج اپنی کامیابیوں کا تسلسل قائم رکھے گی اور اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور کشمیری عوام کی دعائیں فوج کے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر کے ساتھ ہیں اللہ پاک انہیں کامیابیوں سے نوازے اور وہ اس ملک اور قوم کی بہترین انداز میں خدمت کر سکیں ۔دریں اثناء وزیراعظم نے بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ اوپیندر دویدی کے بیان کا جواب دیتے ہوے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز آزادکشمیر اور گکگت بلتستان پر قبضے کی جو گیڈر بھبھکی دی ہے بزدل بھارتی فوج ایسا کرنے سے پہلے سو بار سوچے ۔انہوں نے کہا بھارت نے اگر کسی قسم کے ایڈونچر کا سوچا بھی تو دہلی تک اسے رگید کر رکھ دیں گے ،کشمیری عوام اپنی بہادر پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی فوج کا وہ حال کریں گے کہ اسکی داستاں تک نہ ملے گی داستانوں میں ۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم خالد بن ولید ،سعد بن عبیدہ ، محمد بن قاسم ،محمود غزنوی اور ظہر الدین محمد بابر کے پیروکار ہیں جو دشمن پر عقاب بن کر جھپٹتے ہیں ہماری ہیبت سے ہی دشمن پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے ،پاک فوج ولعدیت ضبحا کی عملی تصویر ہے جس کی طاقت سے دشمن لرز کر رہ جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close