چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں  کے سربراہان کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لوگوں کو موبلائز کرنے کی اپیل

مظفرآباد( پی آئی ڈی)چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے لوگوں کو موبلائز کریں، تین دھائیوں بعد آزادکشمیر میں تاریخی موقع ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں ، ووٹ قومی امانت ہے، عوام الناس بھرپور جوش و خروش اور آزادی سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں ۔ قوم کے بہتراور روشن مستقبل اور جمہوری عمل کی بقاء کے لئے ووٹ کی اہمیت مسلمہ ہے۔

ہر محب وطن شہری کا اولین فرض ہے کہ وہ قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پولنگ کے دوران پرامن رہیں اور انتظامیہ اور پولنگ عملے کے ساتھ تعاون کریں ۔ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران بھی اپنے سپورٹرز کو ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی تلقین کریں ۔ بیلٹ پیپرز یا بیلٹ باکس کو نقصان پہنچانے یا چھیننے کی کوشش کرنے والے کے ساتھ تحت قانون کارروائی کے ساتھ ساتھ جس امیدوار کا وہ شخص حمایتی ہو گا اس کو انااہل قرار دیے جانے کی کارروائی ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی قائدین ایسے بیانات سے گریز کریں جس سے نفرت پھیلے اور شر پسند عناصر کو شہ ملے۔تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہواور شر پسند عناصر کو اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کا موقع ملے۔آزادکشمیر میں تاریخی موقع ہے کہ 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں ، اس سلسلہ میں سیاسی قائدین اپنے کارکنان کوبڑ ھ چڑھ کر اس عمل میں شریک ہونے کی ہدایت کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ قومی فریضہ ہے ۔ ہر شہری آزادی سے اپنا ووٹ ڈالے اور اپنے آپ اور اپنے بچوں کے لیے ایک تابناک مستقبل کی خاطر اس عمل دوسروں کو بھی شریک ہونے کی ترغیب دے ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ اظہار رائے کا ایک ذریعہ ہے اور یہ ہر شہری کی آواز ہے، اس استحقاق کا بھرپور استعمال کریں ۔ بلدیاتی انتخابات اس سلسلہ میں انتہائی اہمیت کے حامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر شخص پولنگ اسٹیشن پر موجود پولنگ کے عملہ سے مکمل تعاون کرے اور پولنگ اسٹیشن پر تعینات پریذائیڈنگ آفیسرز اور دیگر انتخابی عملہ کی عزت نفس کا مکمل خیال رکھے۔ کوئی بھی شخص جو کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر کسی بھی قسم کے لڑائی جھگڑے کا باعث بنے گا،تو پریذائیڈنگ آفیسر فوری طور پر پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالے گا اور مزاحمت پر نہ صرف اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ اس امیدوار کو بھی نا اہل قرارد یا جائے گا جس کا وہ حمایتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close