آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کوآرڈینیشن اینڈ پیس کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ

مظفر آباد(پی آئی ڈی )چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے بذریعہ ویڈیو لنک اور پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز علی خان،سینئرایڈیشنل سیکرٹری مالیات راشد حنیف، سینئر ایڈیشنل سیکرٹری قانون راجہ زاہد محمود، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی شبیر احمد عباسی، سپیشل سیکرٹری داخلہ حمید مغل، ڈی آئی جی پولیس عرفا ن مسعود کشفی اور ڈائریکٹر اطلاعات امجد حسین منہاس ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکورٹی انتظامات کے حوالہ سے مختلف تجاویز زیر غور لائی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کوآرڈینیشن اینڈ پیس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن میں سرکاری ملازمین، تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور معززین علاقہ شامل ہوں گے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹری سروسز اور سپیشل سیکرٹری داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی اور حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکورٹی فورسز کی فراہمی سمیت دیگر امور پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔حکومت کی جانب سے اس بات کی مکمل یقین دہانی کروائی گئی کہ سیکورٹی فورسز فراہم ہو جائیگی اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر27 نومبرکو ہوں گے۔

اس موقع پر طے پایا کہ آئندہ اجلاس میں پولنگ کے دوران سیکورٹی انتظامات کو سیکورٹی فورسز کی میسر تعداد کو دیکھتے ہوئے حتمی شکل دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حکومت کو کہا گیا کہ 21 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں سیکورٹی فورسز و دیگر امور کے حوالہ سے حتمی طور پرآگاہ کیا جائے۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے ہدایت کی کہ 27 نومبر کو بلدیاتی کا ہر ممکن انعقاد یقینی بنایا جائیگا، حکومت سیکورٹی فورسز کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close