وزیراعظم آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کی کامیابی کیلئے پر عزم

مظفر آباد(پی آئی ڈی )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت وعدوں کی تکمیل کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کامیابی سمیٹے گی،سیاسی مخالفین کی الیکشن سے بھاگنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق اقتدار نچلی سطح پر منتقل کر رہے ہیں، عام انتخابات میں عوام سے بلدیاتی انتخابات کروانے کا وعدہ کیا تھا جسے ہر صورت پورا کریں گے۔

کارکنان بھرپور تیاری جاری رکھیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں ہجیرہ، منڈھول بٹل یونین کونسل کے نمائندہ وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں وفود کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد تحریک انصاف کا تاریخی کارنامہ ہے، بلدیاتی الیکشن صاف، شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے۔ تمام جماعتوں کے کارکنان کو یکساں مواقع فراہم ہوں گے۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو شراکت اقتدار بنانے سے جمہوریت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں یہاں کئی حکومتیں آئیں اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے دعوے کرتی رہیں لیکن پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق تین دھائیوں بعد بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام نے گزشتہ عام انتخابات میں جس طرح عمران خان اور پی ٹی آئی کے نظریے کو ووٹ دیا اسی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے،پاکستانی عوام کی طرح کشمیری بھی اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ہیں، آزادخطہ کے لوگوں کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری اور حکومت اپنی ذمہ داری پوری کریگی، ہماری حکومت کی اب تک کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے چیئرمین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار عامر جمیل کی قیادت میں راولاکوٹ سے بلدیاتی امیدواران کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں امیدواروں نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close