حکومت آزاد کشمیر کا پریس، جنرنلزم اکیڈمی کا جلد قیام عمل میں لا کر اسے فنگشنل کرنے، جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کے نفاذ اور پریس فاؤنڈیشن کو فعال کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کا پریس /جنرنلزم اکیڈمی کا جلد قیام عمل میں لاکر اسے فنگشنل کرنے، جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کے نفاذ اور پریس فاؤنڈیشن کو فعال کرنے کا فیصلہ۔وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کو تین ہفتوں میں پریس اکیڈمی کے قیام کے حوالہ سے مطلوبہ اقدامات اٹھانے کی ہدایتکردی۔ وزیراعظم نے پریس اکیڈمی کے قیام کیلئے معاملات یکسو کرنے، پریس فاونڈیشن کو فعال بنانے اور جرنلسٹس پروٹیکشن کے حوالہ سے دو سینئر صحافیوں سردار ذوالفقار علی اور طارق نقاش کو فوکل پرسن مقرر کر دیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پریس اکیڈمی میں صحافیوں کی ٹریننگ کے حوالہ سے کورسز وضع کیے جائیں اور اس سلسلہ میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کی بھی خدمات لی جائیں۔ جنرنلسٹس پروٹیکشن بل کو پریس فاؤنڈیشن ایکٹ کا حصہ بنایا جائے۔ جرنلزم اکیڈمی میں صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کی ٹریننگ کی لئے جامع کورسز وضع کیے جائیں اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے صحافیوں کی ٹریننگ کی لیے نشستیں رکھی جائیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ جرنلزم لرننگ اکیڈمی کے قیام سے صحافیوں کو سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے جس سے ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا اور مثبت صحافت کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میڈیا کی تیز رفتار ترقی نے دنیاکوایک گلوبل ویلیج بنا دیاہے۔موجودہ دور اب ہائبرڈ وار کا دور ہے جس میں جنگیں میدانوں میں نہیں بلکہ میڈیاکے ذریعے لڑی جارہی ہیں، اس سلسلہ میں میڈیا پرسنز کا کردار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جرنلزم اکیڈمی میں نئے سیکھنے والے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے علاقائی صحافی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پریس فاؤنڈیشن آزادجموں وکشمیر کا ایک مثالی اور قابل تقلید ادارہ ہے اسے مزید فعال اور بہتر بنانے کیلئے وسائل فراہم کرینگے تاکہ ریاستی میڈیا تیررفتاری سے ترقی کرے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک میں میڈیا کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے استعمال کرنے کا آغاز کئی دہائیاں پہلے ہو چکا ہے، ہم نے بھی عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہے۔ حکومت آزادکشمیر میڈیا کی ترقی کے لیے وسائل کی فراہمی سمیت تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close