مظفر آباد(پی آئی ڈی)حکومت آزادکشمیر کا بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ سابق پولیس ملازمین کی خدمات لینے پر غور۔آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی ترجمان پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت آزاد بلدیاتی انتخابات کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیگی، بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے حکومت آزادکشمیر سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی خدمات لینے پر غور کررہی ہے۔
اس حوالہ سے آئندہ ایک دو روز میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔اس سلسلہ میں سپاہی سے لیکر ایس پی رینک تک کے سابقہ ملازمین کی خدمات لی جائیں گی اور انہیں اعزازیہ دیاجائے گا جبکہ سابق فوجی بھی الیکشن ڈیوٹیز کے لیے رضاکارانہ طورپر شامل ہونا چاہتے ہیں تو ان کو بھی معقول اعزازیہ دیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان کا ویژن ہے کہ ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق آزادخطہ عوامی فلاح و بہبود کا گہواہ بنے جس میں ہر شخص کو بلا تفر تعلیم صحت سمیت تمام بنیادی سہولتیں میسر ہوں، آزادکشمیر کے عوام کا معیار زندگی بلند کیا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیرا عظم سردارتنویر الیاس خان نے ہدایت کی ہے کہ شجرکاری مہم اور شہروں کی صفائی ستھرائی کے حوالہ سے خصوصی مہم چلائی جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ گورننس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ اپنے خصوصی بیان میں پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی فورسز کے ساتھ سابقہ پولیس ملازمین اورسابقہ آرمی پرسنز کی خدمات لینے پر بھی غور کررہی ہے، اس سلسلہ میں آئندہ ایک دور روز میں حتمی فیصلہ ہو جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے پولیس کے سابقہ اہلکاران سے لیکر ایس پی رینک کے ملازمین کی خدمات لی جائیں گی۔
سابقہ آرمی پرسنز اگر بلدیاتی انتخابات کیلئے شامل ہونا چاہتے ہیں تو انہیں بھی حکومت معقول اعزازیہ دیگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے عوام تک ثمرات پہنچانے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر کی واضح ہدایات جاری کررکھی ہیں۔ حکومت نے جعلی ڈاکٹرز، عطائیوں اور جعلی حکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ مضر صحت اور ملاوٹ والی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف وزیراعظم کی جانب سے معقول انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے تاکہ ان انسانیت دشمن عناصر کو بے نقاب کر کے انکے خلا ف کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر 31سا ل بعد بلدیاتی انتخابات کروا کر جمود توڑنے جارہی ہے تاکہ اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو اور لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل تیز ہو۔ انہوں نے کہاکہ آمدہ شجرکاری سیزن میں وزیراعظم نے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ آزادکشمیر کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے اور خطے کا قدرتی حسن برقرار رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں