الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر منیجنگ ڈائریکٹر کشمیر ہائی ویز اتھارٹی اور ایک اخبار کے چیف ایڈیٹر کو بے بنیا خبر چلانے پر طلب کر لیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات2022کیلئے جاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر منیجنگ ڈائریکٹر کشمیر ہائی ویز اتھارٹی اور ایک ریاستی اخبار کے چیف ایڈیٹر کو الیکشن کمیشن سے منسوب خلاف حقائق اور بے بنیاد خبر شائع کرنے پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے روبرو طلب کر لیا۔آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات 2022 کیلئے جاری ضابطہ اخلاق کی خلاف وزی پر ڈی آئی جی پولیس میرپور ریجن الیکشن کمیشن کے نوٹس پر کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور وضاحت پیش کی ۔ الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد ڈی آئی جی میرپور کو ہدایت کی کہ آئندہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم ڈی کشمیر ہائی وے اتھارٹیز طاہر اقبال کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بذریعہ واٹس ایپ آپ کے خلاف تصاویر /شکایت موصول ہوئی ہے کہ آپ بلدیاتی انتخابات میں سرکاری گاڑی و سرکاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے چیڑھان ریڑ بن کورٹ موہری، کوٹ گجراں کے جلسے اور میٹنگ میں شریک ہوئے ہیں َ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر رکھا ہے۔ جس کے مطابق کوئی بھی سرکاری ملازم نہ تو کسی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لے سکتا اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے جلسے میں شرکت کر سکتا ہے اس طرح آپ پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے انتخابی جلسہ میں سرکاری گاڑی اور وسائل کے ساتھ شریک ہو کر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ایم ڈی کشمیر ہائی وے اتھارٹی کو 21نومبر2022کو 11:30بجے دن معزز اراکین الیکشن کمیشن کے روبرو حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاستی اخبار کو الیکشن کمیشن کے حوالہ سے خلاف حقائق اور بے بنیاد خبر شائع کرنے پر جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے یہ خبر شائع کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی فورسز نہ ملنے پر سپریم کورٹ سے راہنمائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ غلط اور بے بنیاد ہے۔ یہ خبر الیکشن کمیشن کے حوالہ سے بغیر کسی رابطہ کے اپنے طور پر شائع کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے نہ تو کوئی ایسا فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی اس طرح کا کوئی معاملہ زیر غور ہے۔ اس طرح آپ نے الیکشن کمیشن کے حوالہ سے بغیر تصدیق بے بنیاد خبر شائع کی ہے۔الیکشن کمیشن نے ریاستی اخبار کے چیف ایڈیٹر کو 23نومبر2022بوقت11:30بجے دن بمقام کوٹھی نمبر1متصل آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close