صدر آزاد کشمیر کا فارورڈ کہوٹہ میں یونیورسٹی کیلئے زمین مہیا کرنے اور سی ایم ایچ ہسپتال کی تعمیر کیلئے بات کرنے کا اعلان

باغ(پی آئی ڈی)صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ فارورڈ کہوٹہ میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے زمین مہیا کی جائے اس کے لیے ایچ ای سی کے چیئرمین سے میں خود بات کروں گا جبکہ اسی طرح یہاں کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہے تاہم سی ایم ایچ بھی ہونا چاہیے جس کے لیے بھی میں بات کروں گا۔

بھارتی وزیر دفاع نے کشمیر پر حملے کو جو دھمکی دی ہے میں آج یہاں حویلی میں لائن آف کنٹرول کے قریب سے بھارت اور بھارتی وزیر دفاع کو یہ باور کروانا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر کا خطہ ہمارے آباو اجداد نے اپنے زور بازو سے حاصل کیا تھا اور آج بھی ہم کشمیری اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے۔ میں آج یہاں جامع پونچھ کیمپس حویلی کہوٹہ کے پہلے کا نووکیشن کی تقریب میں آ کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ آج ہمارے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کا دن ہے اور میں شروع میں ہی فارغ التحصیل طلباء و طالبات اور ان کے قابل فخر والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کے لیے یہ ان کی زندگی میں سب سے اہم سنگ میل ہے کیونکہ آج کے بعد وہ زندگی کا ایک نیا سفر شروع کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کامیابی کی سند / گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ وہ ان خوش قسمت لوگوں میں سے جنہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کاموقع ملا ہے۔ ہمارے ملک میں اب بھی ایسے لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جنہیں بدقسمتی سے یہ موقع نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اس چیز کا نام نہیں کہ آپ نے زندگی کے کسی خاص پہلوکے بارے میں معلومات یا علم حاصل کر لیا یا ڈگری حاصل کر لی بلکہ حقیقی تعلیم یہ ہے کہ آپ جس ملک میں رہتے ہیں اس ملک کے کتنے اچھے شہری بنے ہیں۔ طلبا و طالبات کے والدین اور ان کے اساتذہ کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، والدین کی توجہ اور قربانیوں سے آج آپ لو گ اس مقام پر پہنچے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں فارورڈ کہوٹہ میں حویلی کے مقام پر یونیورسٹی آف پونچھ کے حویلی کیمپس کے پہلے سالانہ کانوکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کانوکیشن میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کانوکیشن سے اپنے خطاب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ آزا دکشمیر میں تعلیمی نظام بہتر بنوا کر ہی آزادی کی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔ میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر وائس چانسلر جامع پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا حویلی کیمپس آمد پر شکریہ ادا کیا اور ان کی مسئلہ کشمیر پر غیر متذلزل کمٹمنٹ کو سراہا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے دورہ فارورڈ کہوٹہ حویلی کے دوران وکلاء اور صحافیوں کو وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ جس میں انہوں نے کہا کہ یہاں کہ دیرینہ مطالبات، جوڈیشل کیمپلس، گرڈ سٹیشن، اسی طرح یونیورسٹی کے لیے زمین اور سی ایم ایچ ہاسپٹل کے مطالبات ہیں میں اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات کروں گا تاکہ ان مطالبات کو جلد پایا تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ یونیورسٹی آف پونچھ حویلی کیمپس کے پہلے کانوکیشن میں فارورڈ کہوٹہ کی تمام سیاسی قیادت شرک ہوئی جس میں سابق وزیر چوہدری محمد عزیز، سابق وزیر و حویلی سے ممبر قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز رٹھور، سابق امیدوار اسمبلی طارق سعید، ممبر کشمیر کونسل شجاع راٹھور، پی ٹی آئی کے سابق امیدار اسمبلی عامر نذیر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے باغ میں نجی شعبے کے جاری دریسی ادارے ہیڈ سٹارٹ سکول کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ادارے کی پرنسپل نے انہیں ادارے میں جاری نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ادارے کی کارکاردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے جہاں فروغ تعلیمی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں وہاں کوالٹی ایجوکیشن بھی ان کا ایک اہم جزو ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close