مظفر آباد(آئی اے اعوان )آزادکشمیر میں قدرتی آفات اور حادثات کے دوران جانی اور مالی نقصانات سے بچاو کیلئے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے تحصیلوں کی سطح پر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سینٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کےسیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ آزادکشمیر میں تحصیلوں کی سطح پر ایس ڈی ایم اے یونٹس بنا کر وہاں ایمرجنسی اور ابتدائی طبی امداد کے آلات مہیا کیے جائیں ،
ایس ڈی ایم اے کے تمام سینٹرز میں ایک ڈاکٹرزاور ادویات کا سٹاک ایس ڈی ایم اے کی پیرول پر رکھا جائے،تمام ایس ڈی ایم اے سینٹرز کا شہری دفاع ،محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 سے ہمہ وقت لیزان ہونا چاہیے ۔ وزیراعظم آزادکشمیرسردارتنویر الیاس خان نے تحصیل ہاڑی گہل ، ریڑہ ، بیرپانی، دھیرکوٹ،تھوراڑ، جنڈاٹھی اور ٹائیں بازار میں ایس ڈی ایم اے یونٹس بنانے کی منظوری دیتے ہوئے سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جاری ہدایت نامے میں کہا ہے کہ آزادکشمیر میں قدرتی آفات کا خدشہ موجود ہے جبکہ ماضی میں بھی قدرتی آفات سے تباہی ہو چکی ہے ، اس سلسلہ میں پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ احتیاطی تدابیر کو اختیار کر کے ہم قدرتی آفات سے ہونے والا نقصان کم سے کم کر سکتے ہیں ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے حالات تبدیل ہو رہے ہیں۔ کسی بھی آزمائش کی صورت میں ہمیں خود کوتیار رکھنا ہے ۔
ہمارا ملک قدرتی آفات کا شکار رہا ہے جس میں سیلاب، زلزلے، طوفان، برفانی تودوں کا گرنا گزشتہ چند سالوں سے بڑھ رہا ہے جس کو کم کرنے کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ قدرتی آفات سے ہونے والی تباہی کے امکانات سے نمٹنے کے لیے عام لوگوں کی تیاری و آگہی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ کسی بھی آفت کی صورت میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے آپکو اور دوسروں کو بچانے میں معاون ثابت ہو سکیں۔ پیشگی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے آفات اور ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم سے کم کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں