آزاد کشمیر میں بلدیاتی الیکشن، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر داخلہ کو سیکورٹی فورسز کی مامورگی کیلئے دوبارہ خط لکھ دیا

مظفرآباد(آئی اے اعوان )آزادکشمیر میں 31 سال بعد 27 نومبر کو جماعتی بنیاد پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر داخلہ کو سیکورٹی فورسز، ایف سی،پنجاب کانسٹیبلری اور پاک فوج کی مامورگی کیلئے دوبارہ مکتوب تحریرکر دیا۔چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ کو لکھے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ آزادکشمیر کے آمدہ بلدیاتی انتخابات کیلئے اس سے قبل بھی مکتوب کے ذریعے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کی گزارش کی گئی تھی اور وفاقی وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کی تجویز سے اتفاق کیا تھا۔

اب چونکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں بہت تھوڑا وقت رہ گیا ہے اس لیے پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی فورسز، ایف سی، پنجاب کانسٹیبلری کے علاوہ پاک فوج کے جوانوں کی مامورگی کی نسبت متعلقہ ادارہ جات کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ آزادکشمیرکے عوام پر امن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں