آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں نمائیاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 21 طالبات سمیت 49 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز، 25 پی ایچ ڈی سکالرز، 102 ایم فل اور مجموعی طور پر 12 ہزار طلباء و طالبات کو ڈگریاں جاری کر دی گئیں

مظفرآباد(آئی اے اعوان ) آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں نمائیاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 21 طالبات سمیت 49 طلباءو طالبات کو گولڈ میڈلز،25 پی ایچ ڈی سکالرز ، 102 ایم فل اور مجموعی طور پر 12 ہزار طلباءو طالبات کو ڈگریاں جاری کردی گئی ہیں

آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے چانسلر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس میں منعقدہ 19 ویں کانووکیشن کے دوران گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیا کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کو کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائے گا اور بھارت اپنے مکروہ عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اورہماری یہ جدوجہدمقبوضہ کشمیر کے بھارتی تسلط سے آزادی تک جاری وساری رہے گی۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے طلباء اور ان کے قابل فخر والدین کو اُن کی زندگی کی اعلیٰ ترین کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ آج طلبہ، اُن کے والدین اور اساتذہ کے لیے ایک یادگار دن ہے اوریہ قوم کے لیے بھی ایک تاریخ ساز لمحہ ہے کیونکہ مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی ایک کھیپ کو قوم اور ملک کی خدمت کے لیے تیار کردیا گیا ہے۔آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے فارغ التحصیل ہونے والے مجموعی طور پرایک ہزارسے زائد طلباء و طالبات کو اسناد عطاء کی گئیں۔صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر جامعہ کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 49 نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا۔ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پچیس ڈاکٹریٹ، دوسو سے زائدایم فل اورایم اے / ایم ایس سی، بی ایس، بی کام اور ایل ایل بی، بی ایڈ، ایم ایڈ آن کیمپس/آف کیمپس مجموعی طور پر 12ہزار سے زائد طلباء وطالبات کواسناد تعلیم عطاء کیں۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ آپ میں سے بہت سے نوجوانوں کے والدین کے لیے یہ اس اعتبار سے بھی انتہائی خوشی کا دن ہے کہ جنہوں نے اپنا وقت، توانائی، اور محنت سے کمایا ہوا پیسہ آپ کو معیاری تعلیم دینے میں لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقیناآپ کے والدین نے اپنی ذاتی خوشیوں اور راحتوں کو اس لیے قربان کیا کہ آپ کو ایسی تعلیم ملے جو آپ کو بہتر مستقبل کی طرف لے جائے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے طلباء کونصیحت کی کہ وہ لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب رہنے والے اور بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں بربریت کا سامنا کرنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے خود کو تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام غلامی کی زنجیروں میں جکڑے آزادی کی اپنی عظیم جدوجہد کی کامیابی کے لیے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور اس یقین کا اظہار کیا کہ آزادخطے کے نوجوان انہیں مایوس نہیں کریں گے۔اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صدرریاست آزاد جموں وکشمیرو چانسلر جامعہ کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور شرکاء تقریب کو گزشتہ سال کی تعلیمی، تحقیقی،نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں کانووکیشن کے باقاعدہ آغاز پر جلوس علمی نکالا گیا جو قطار میں چل کر پنڈال میں پہنچا۔اس موقع پر تقریب میں شامل طلباء وطالبات اور شرکاء نے معزز اساتذہ کے احترام میں کھڑے ہوکر انہیں سلامی پیش کی۔تقریب میں میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر بریگیڈئیر(ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید،وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید اور دیگر نے بھی خصوصی شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں