مظفر آباد(آئی اے اعوان)چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت تیسرے ونٹر سپورٹس فیسٹیول -2022-23کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ ونٹر سپورٹس فیسٹیول 25جنوری سے 04فروری 2023تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں باغ گنگا چوٹی، پیر چناسی مظفرآباد اور اڑنگ کیل میں سپورٹس ایونٹ منعقد ہوں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) فیاض علی عباسی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر لیاقت علی، سیکرٹری مالیات اور سیکرٹریز حکومت, پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجو د تھے۔
ونٹر سپورٹس فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے سیکرٹری سپورٹس کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی بھی بنائی گئی جس میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات، ڈائریکٹر جنرل ٹورازم،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، مظفرآباد اور تینوں ڈویژن کے کمشنرز, ڈی آہی جیز ،این جی او ز کے نمائندگان ہوں گے۔ کمیٹی ایونٹ کو کامیاب بنانے اور انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سپورٹس فیسٹول کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سپورٹس فیسٹول کے لیے این او سی کا حصول، وہاں پر رہائش، ٹرانسپورٹ، سڑک کی ہمہ وقت بحالی اور سیکورٹی انتظامات کو ترتیب دیا جائے تاکہ لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہو، ایونٹ کی کامیابی بھی ممکن ہو سکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایونٹ کے مقام پر صفائی ستھرائی، واش رومز کا بہتر انتظام کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اوردیگر متعلقہ محکمہ جات ایونٹ کے انعقاد میں تعاون کریں۔ ایونٹ کی کامیابی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے تاکہ بہتر انداز میں انعقاد ہو سکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ لوکل آبادی،سکول، کالجز کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وسائل کے اندر رہتے ہوئے تمام محکمہ جات اپنی بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے آزادکشمیر میں ٹورازم کو بھی فروغ ملے گااور ریاست کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔ نیز آزادکشمیر کی ایک مثبت تصویر دنیا کے سامنے آئے گی.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں