مظفر آباد(پی آئی ڈی )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے ہدایت کی ہے کہ کارڈیک ہسپتال مظفرآباد کی او پی ڈی 60ایام میں اوپریشنل کی جائے، کارڈیک سرجن سمیت دیگرپروفیشنل سٹاف کو 24/7سروس کی بنیاد پر فوری تعینات کیا جائے، نفرالوجسٹ سے ہسپتال کا معائنہ کروایا جائے اور ہسپتال کے ویسٹ مینجمنٹ کے لیے incineratorنصب کیا جائے جبکہ ہسپتال میں مریضوں کی آسانی کیلئے لفٹ نصب کی جائے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے گزشتہ دنوں کارڈیک ہسپتال بینک روڈ مظفرآباد کا دورہ بھی کیا اورہسپتال کا تفصیلی معائنہ بھی کیاتھا۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے سیکرٹری صحت عامہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارڈیک ہسپتال کی حساسیت اور مریضوں کی سہولت کے اعتبار سے وارڈ مختص کرنے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔ پروفیشنل ہیومن ریسورس دستیاب نہ ہونے کی صورت میں دیگر صوبہ جات سے پروفیشنل سٹاف کو کنٹریکٹ بنیادوں پر لیا جائے،ہسپتال کے اندر کو نفرالوجی کے عالمی معیار اور خصوصی طورپر چھت اور سیلنگ کو اس کے سٹینڈرڈ کے مطابق رکھا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ٹریفک کے شور سے محفوظ رکھنے کے لیے ہسپتال کو ساؤنڈ پروف بنایا جائے۔ہسپتال کو مہیا کیے جانے والے پانی کو فلٹر کرنے کا بندوبست کیا جائے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ بیک اپ کے طور پر مزیدایک کیتھ لیب مشین خریدی جائے اورہسپتال کی ضرورت کے مطابق بجلی کے بیک اپ کا بھی انتظام کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرجیکل ایکوپمنٹ، بیڈ لینن کے safe disposalاور سٹوریج کا خصوصی اہتمام کیا جائے، ہسپتال کے لیے خرید ہونے والے آلات مشینری، فرنیچر وغیرہ کی کوالٹی کا بطور خاص خیال رکھا جائے،ہسپتال کی Rampکو مریضوں کی سہولت کے اعتبار سے دوبارہ نصب کیا جائے اور ہسپتال کے اندر کا ماحول خصوصی طور پر طبیعت کو خوشگوار رکھنے کے سٹینڈرڈ کے مطابق ہو۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ داخلہ کے کسی ایریا میں اگر ممکن ہو تو کاؤنٹر بنایا جائے اورہسپتال میں آنے والے مریضوں اورانکے لواحقین کے لیے وہیل چیئر اور سٹریچر کی سہولت کو مدنظر رکھا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں